اوڑی+بارہمولہ+کپوارہ+گاندربل//پیرنیاں بونیار میں ٹرانسفارمر خراب ہونے سے 10 دیہات بجلی سے محروم ہیں جبکہ کرالہ پورہ فتح گڈ ھ بارہمولہ میں لوگوںنے ٹرانسفارمر کی باربار خرابی کیخلاف احتجاج کیا۔ ادھر گناپورہ قاضی آباد ہندوارہ میں بجلی کی عدم دسیتابی پرعوام نالاں ہیں جبکہ رنگل میں فیس کی عدم ادائیگی کے بعد60گھرانوں کی بجلی سپلائی کاٹ دی۔ پیرنیاں بونیار رسیونگ سٹیشن کا 4.5 MVA ٹرانسفارمر 2 ماہ قبل خراب ہو گیا جس کی مرمت نہیں کی گئی جس کے سبب بونیار کے قریب دس دیہات ،جن میں اجارہ، زہنپورہ، ناگاناڑی، مقام، خچاداری،کچہامہ ، گانٹہ مولہ گزشتہ دو ماہ سے گھپ اندھیرے میں ڈوبے ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں کاکہنا ہے کہ معاملہ متعلقہ محکمہ کی نوٹس میں لانے کے باوجود ٹرانسفارمر کی مرمت نہیں کی گئی۔ ادھر نوشہرہ بونیار کے لوگوں نے بتایا کہ ان کے علاقے میں بجلی آنکھ مچولی سے وہ تنگ آگئے ہیں۔ادھر بار بار ٹرنسفارمر خراب ہونے کے خلاف کرالہ پورہ فتح گڈ ھ بارہمولہ کے لوگوں نے محکمہ پی ڈی ڈی کے خلاف احتجاجی دھرنا دیا۔ لوگوں نے متعلقہ محکمہ پر غفلت شعاری کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ پچھلے ایک ماہ کے دوران علاقے کا ٹرانسفارمر تین مرتبہ خراب ہو گیا ہے جس کے نتیجے میں آبادی مسلسل گھپ اندھرے میں ہے احتجاجی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر چہ انہوں نے کئی بار متعلقہ محکمہ کو متبادل ٹرانسفارمر نصب کرنے کی مانگ کی تاہم کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ لوگوں نیفوری طور پر خراب پڑے ٹرانسفارمر کو ٹھیک کرنے کی مانگ کی۔گناہ پورہ قاضی آ باد ہندوارہ میں بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف لوگو ں میں غم و غصہ کی لہر پائی جارہی ہے۔ لوگو ں کا کہنا ہے کہ بٹ محلہ ، میدان محلہ اور شیخ محلہ کا بجلی ٹرانسفارمر ایک مہینہ قبل خراب ہو گیا اور چندہ جمع کر کے ٹرانسفارمر کو ہندوارہ ورکشاپ پہنچایا گیاتاہم ابھی تک ٹرانسفارمر کوٹھیک نہیں کیا گیا ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ ٹرانسفارمرکو ٹھیک کرنے کے لئے ورکشاپ کے چکر کا ٹنے پڑرہے ہیں لیکن ہر بار یقین دہانیوں کے سوا کچھ نہیں ہورہاہے۔ ۔لوگو ں کا کہنا ہے کہ 15سو آ بادی کے لئے محض 100کے وی بجلی ٹرانسفارمر کو نصب کیا گیا ہے جس کے سبب ٹرانسفارمر اوور لوڈ ہے اور بار بار خراب ہوجاتا ہے ۔اس دوران 60 گھرانوں پر مشتمل علاقہ سلمان فارسی کو بجلی فیس ادا نہ کرنے کی پاداش میں بجلی سپلائی ہی کاٹ دی گئی ہے ۔سلمان فارسی رنگل کے مقامی شہری بلال احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ محلہ میں لگ بھگ 60 گھرانے موجود ہیں جن میں سے 25 گھرانوں کو بجلی فیس ادا کرنا باقی ہے جبکہ دیگر صارفین نے بجلی فیس ادا کیا ہے ،بدقسمتی سے 25 گھرانوں کی سزا سب کو دیتے ہوئے بجلی سپلائی ہی کاٹ دی گئی اور یہ سلسلہ کئی روز سے جاری ہے ۔کئی گھروں میں بیمار افراد بھی موجود ہیں،بچوں کے امتحانات چل رہے ہیں، اگر یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تو ہم سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے مجبور ہیں ۔