عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//ڈائریکٹر زراعت کشمیر سرتاج احمد شاہ نے کچن گارڈن لال منڈی سرینگر میں پیاز کے بیجوں کی فروخت کا آغاز کیا۔ کاشتکاروں اور کچن گارڈن سے محبت کرنے والوں کے ساتھ بات چیت کے دوران ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ سبزیوں کے شعبے کی طرف زیادہ سے زیادہ کسانوں اور کچن گارڈن سے محبت کرنے والوں کو راغب کرنے کیلئے بھرپور کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا ’’ پہلے مرحلے میں ہم کسانوں میں پیاز کے پودے تقسیم کر رہے ہیں‘‘۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ کشمیر ڈویژن کے تمام اضلاع میں کنٹرول شدہ حالات میں ہائی ٹیک پولی ہائوسز میں سبزیوں کی مختلف فصلوں کے پودے تیار کر رہا ہے اور ان پودوں کو علاقے کی کاشتکار برادری میں مرحلہ وار تقسیم کیا جائے گا تاکہ پیداوار اس انداز سے منڈی تک پہنچ سکے جس سے کسانوں کو زیادہ سے زیادہ منافع مل سکے۔ سرتاج شاہ نے کہا کہ محکمہ سبزیوں کے پودے مارکیٹ کی طلب کے مطابق تیار کرتا ہے۔ انہوںنے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ نے پہلے ہی علاقے کی کاشتکار برادری کو مختلف سبزیوں کی فصلوں کے بیج فراہم کرنے کا ہدف پورا کر لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہا ہے کہ ربیع کے موسم میں زیادہ سے زیادہ رقبہ مختلف فصلوں کے نیچے لایا جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیداوار کو مارکیٹ چین سے جوڑنے اور اس کی کنیکٹیویٹی کو برقرار رکھنے کے لیے محکمہ نے پہلے ہی ایک حکمت عملی ترتیب دی ہے تاکہ کسانوں کے مفادات کو پورا کیا جاسکے۔ڈائریکٹر زراعت نے کہا کہ محکمہ سبزیوں کی مختلف فصلوں کی معیاری بیج تیار کرنے کیلئے پرعزم ہے کیونکہ معیاری بیج زراعت کے ادارے کی مجموعی کامیابی میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے۔