ٹی ای این
سرینگر//چونکہ آل انڈیا اوسط رٹیل پیاز کی قیمت 57 فیصد بڑھ کر 47 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے، مرکز نے جمعہ کو فیصلہ کیا کہ راحت فراہم کرنے کے لیے ریٹیل مارکیٹوں میں 25 روپے فی کلو کی سبسڈی والی شرح پر پیاز کی وافر مقدارکی فروخت کو بڑھایا جائے۔ پیاز کی کل ہند اوسط رٹیل قیمت جمعہ کو 47 روپے فی کلوگرام تک پہنچ گئی، جو ایک سال پہلے کی مدت میں 30 روپے فی کلوگرام تھی، صارفین کے امور کی وزارت کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق قومی راجدھانی میں، پیاز کی قیمت جمعہ کو 40 روپے فی کلوگرام تھی جو ایک سال پہلے کی مدت میں 30 روپے فی کلو تھی۔وزارت کے مطابق، پیاز کو ان ریاستوں میں ہول سیل اور ریٹیل دونوں بازاروں میں بفر اسٹاک سے اتارا جا رہا ہے جہاں قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اگست کے وسط سے، تقریباً 1.7 لاکھ ٹن بفر پیاز کو 22 ریاستوں میں مختلف مقامات پر اتارا گیا ہے۔