سوپور //آل انڈیا ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کی جانب سے ’’پہیہ جام‘‘ ہڑتال کی وجہ سے سوپور فروٹ منڈی کے تاجروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ فروٹ منڈی سوپور کے تاجروں نے گورنر انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ میوہ جات کیلئے معقول ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کریں ۔جمعہ کو سوپور فروٹ منڈی میں کام کر رہے فروٹ گرورس اور پھل فروخت کرنے والے تاجروں کو آل انڈیا ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن کے پہیہ جام ہڑتال کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ۔فروٹ گرورس اینڈ ڈیلرس ایسوسی ایشن فروٹ منڈی سوپور کے صدر مشتاق احمد تانترے نے گورنر این این ووہرا سے اپیل کی کہ وہ فروٹ گرورس کیلئے معقول ٹرانسپورٹ کا انتظام کریں تاکہ تاجر سیب اور دیگر مال کو یہاں سے ملک کی دوسری ریاستوں تک بہ آسانی پہنچا سکیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ سوپور فروٹ منڈی کو مصیبت سے بچانے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے جائیں تاکہ اس صنعت کو بچایا جا سکے ۔