سرینگر//سرینگر میں اتوار کی صبح انڈو تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی)کے ایک کانسٹیبل نے اپنی ہی سروس رائفل سے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔صرف ایک روز قبل کنزر بارہمولہ میں آئی ٹی بی پی کے ایک آفیسر نے بھی اسی طرح خود کشی کی۔ سولنہ رام باغ علاقہ میں اتوار کی صبح11 بٹالین آئی ٹی بی پی کانسٹیبل نے دوران ڈیوٹی اپنی ہی سروس رائفل سے اپنے آپ پر گولیاںچلائیںجس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوا۔ زخمی اہلکار کو فوراً صدر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قراردیا۔مہلوک کانسٹیبل کی شناخت رامپال مینا کے بطور ہوئی ہے۔ پولیس نے اس سلسلے میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ ہفتہ کو ضلع بارہمولہ کے کنزر علاقے میں آئی ٹی بی پی سب انسپکٹر چندر مانی نے بھی اسی طرح خود کشی کی۔مرکزی وزیر مملکت برائے دفاع سبھاش بھامرے نے گذشتہ ماہ راجیہ سبھا میں فوجی جوانوں کی طرف سے خودکشیاں کرنے کی تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ سال 2018 کے دوران 80 فوجی اہلکاروں نے خود کشی کی جبکہ ہوائی فوج میں 16 اہلکاروں اور نیوی میں 8 اہلکاروں نے خود کشی کی۔انہوں نے کہا کہ سال 2017 میں 75 فوجی اہلکاروں کے بارے میں شک کیا جاتا ہے کہ انہوں نے خود کشی کی ہے جبکہ سال 2016 میں 104 فوجی اہلکاروں کی موت خودکشی کرنے سے واقع ہوئی ہے۔