سنگاپور، 22 اکتوبر (یو این آئی) گزشتہ ماہ امریکہ کی سرینا ولیمز کو معزول کر کے نمبر ون خاتون ٹینس کھلاڑی بننے والی جرمنی کی انجلک کربر نے کہا ہے کہ شائقین کی توقعات اب ان سے بڑھ گئی ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ دباؤ محسوس کرنے لگی ہیں۔ کربر نے سال کے آخری گرینڈ سلیم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا خطاب اپنے نام کرتے ہوئے خواتین کے سنگلز رینکنگ میں طویل عرصے سے نمبر ون رہنے والی سرینا کو دوسرے مقام پر دھکیل دیا تھا۔انہوں نے اس سے پہلے سال کے آغاز میں سرینا کو شکست دے کر سال کا اپنا پہلا گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن جیتا تھا۔کربر گزشتہ چار سالوں سے ٹاپ 10 میں جگہ بنانے کے لئے جدوجہد کر رہی تھیں لیکن بالآخر انہیں خود کی محنت کا نتیجہ ملا اور وہ نمبر ون بننے میں کامیاب رہیں۔ کربر نے کہاکہ میں گزشتہ کافی وقت سے سخت محنت کر رہی تھی۔میں کچھ موقعوں پر بدقسمت بھی رہی تھی کہ مجھے توقع کے مطابق نتائج ملے لیکن اس سال میں نے اپنے کھیل پر شاندار کنٹرول رکھا اور ماضی کی غلطیوں سے سبق لیتے ہوئے خوشگوار نتیجہ حاصل کیا۔ انہوں نے کہاکہ میرے کھیل میں اب پہلے سے زیادہ پختگی آ گئی ہے ۔سال کے آغاز میں آسٹریلین اوپن اور آخر یو ایس اوپن کے خطاب کے ساتھ کرنا واقعی حوصلہ افزا ہے ۔میں نے اپنے کھیل میں بہت بہتر کیا ہے اور نمبر ون بننے کے بعد اب لوگوں کی توقعات بھی مجھ سے زیادہ بڑھ گئی ہیں۔یو این آئی