عظمیٰ نیوزسروس
نئی دہلی//جموں و کشمیر اسمبلی انتخابات کے تیسرے مرحلے کی ووٹنگ کے موقع پر چیف الیکشن کمشنر راجیو کمار نے ووٹروں سے زیادہ تعداد میں حصہ لینے کی اپیل کی۔کمار نے جموں و کشمیر کے لوگوں کو ریکارڈ تعداد میں حصہ لینے پر مبارکباد دی۔انکاکہناتھا کہ پہلے مرحلے میں ووٹ ڈالنے کی شرح 61.38فیصد تھی اور دوسرے مرحلے میں یہ 57.3فیصد تھی۔ تقابلی طور پر 2024کے لوک سبھا انتخابات کے دوران ووٹر ٹرن آؤٹ 58.58فیصد تھا۔کمار نے کہا ’’میں جموں و کشمیر کے لوگوں کو جمہوریت کے جشن میں حصہ لینے پر مبارکباد دیتا ہوں۔ ہم نے ووٹنگ کے فیصد، امیدواروں کی تعداد، جلوسوں اور مہم میں اضافہ دیکھا۔ پولنگ کے آخری دو مرحلوں میں بائیکاٹ یا دوبارہ پولنگ کا کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا۔ یہ ووٹر ٹرن آؤٹ تاریخی ہے۔ ہم معاشرے کے ہر طبقے سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ انتخابات کے تیسرے مرحلے میں اپنا ووٹ ڈالیں‘‘۔انہوںنے مزید کہا کہ 17اسمبلی حلقوں میں خواتین کا ووٹنگ فیصد مردوں کے مقابلے زیادہ ہے جبکہ ریلیوں اور میٹنگوں کے لیے سوویدھا پورٹل کے ذریعے 7,200سے زیادہ اجازتیں دی گئیں۔پہلے مرحلے کی ووٹنگ 18ستمبر کو ہوئی تھی اور دوسرا مرحلہ 25 ستمبر کو ختم ہوا تھا۔ تیسرے مرحلے میں آج 40حلقوں میں ووٹ ڈالے جائیں گے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیاکے مطابق ووٹوں کی گنتی 8 اکتوبر کو ہونے والی ہے، جس کے کچھ ہی دیر بعد نتائج متوقع ہیں