اشتیاق ملک
ڈوڈہ //ڈائریکٹر جنرل آر آر سوین نے اے ڈی جی پی لاء اینڈ آرڈر وجے کمار، اے ڈی جی پی جموں زون آنند جین کے ہمراہ ڈوڈہ کا دورہ کرکے گذشتہ دنوں گندوہ علاقہ میں تین جنگجوؤں کو مارے جانے والے پولیس افسران، جوانوں و ان کے خاندان سے ملاقات کی۔ ڈی جی پی نے انہیں مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بہادری کی ایک بے مثال جذبہ کے ساتھ ملی ٹینٹوں کا مقابلہ کیا اور ان کا خاتمہ کیا۔ اس موقع پر ڈی آئی جی ڈی کے آر رینج شریدھر پاٹل، ایس ایس پی جاوید اقبال و دیگر افسران بھی موجود تھے۔ ڈی جی پی نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس قلیل تنخواہ کے باوجود دلیری و مستعددی کے ساتھ لڑائی لڑتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر پولیس کے اہلکار اپنی جانوں و خاندان کی پرواہ کئے بناء ملی ٹینسی کا مقابلہ کرتے ہیں اور یہی چیز انہیں دیگر سیکورٹی فورسز سے الگ بناتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملی ٹینسی کے خلاف ایس پی اوز کا رول بھی قابل ستائش ہے اور ان کو بھی ان کے حق سے نوازا جائے گا۔ڈی جی پی نے کہا کہ جو ایس پی اوز عمر کی حد کو پہنچ چکے ہیں ان کو فالورز کی بھرتی کے لئے مرکزی سرکار سے سفارش کی جائے گی۔ ڈی جی پی نے ایس ایس پی ڈوڈہ ،ایس پی آپریشن، ڈی ایس پی، ایس ایچ او گندوہ و ایس اوجی انچارج گندوہ و دیگر جوانوں کے رول کی ستائش کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی۔ڈی جی پی نے 7ایس پی اوز کو بطور پولیس کانسٹیبل کے آڈر بھی جاری کئے۔اس دوران انہوں نے ضلع پولیس لائن میں افسران و جوانوں کے ساتھ دربار لگایا اور ان کے درپیش مسائل کا جائزہ لیا۔اس دوران ڈی جی پی آر آر سوین نے ڈوڈہ ضلع کے دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند عناصر سرحد کا فائدہ اٹھاتے ہوئے غیر ملکی ملی ٹینتوں کو جموں و کشمیر میں داخل کرکے پہلے جیسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور لوگوں میں خوف و ہراس کا ماحول پھیلانا چاہتے ہیں لیکن پولیس ان کے عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دے گی۔انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر کہا کہ کچھ عناصر نے انہیں چیلنج کیا ہے جو کہ تعداد میں بہت کم ہیں لیکن پولیس عوام و دیگر سیکورٹی فورسز کی مدد سے انہیں منہ توڑ جواب دے گی۔ ڈی جی پی نے کہا کہ ان لوگوں نے پہلے بھی قتل عام کیا ہے اور عوام کے ساتھ دھوکہ دہی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اب اس قسم کے حالات پیدا کرنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی اور اس کے لئے عوام کا برابر تعاون حاصل ہے۔ حال ہی میں سرحد پر پولیس کے دستوں کی تعیناتی کے حوالے سے ڈی جی پی نے کہا کہ وہ بھی فرنٹ پر نہیں جارہے ہیں بلکہ انہیں آس پاس کے لوگوں کے ساتھ تال میل بنائے رکھنا، وی ڈی جی کو فعال بنانا و کسی بھی قسم کی مشکوک نقل و حرکت کی معلومات جمع کرنا ہے۔ڈی جی پی نے کہا کہ پولیس، ایس پی اوز، وی ڈی جی گروپس و سیکورٹی فورسز عوام کے ساتھ مل کر کسی بھی چیلنج کا سامنا کرنے کے لئے تیار ہے۔