سرینگر //پولیس عام معافی کے تحت آنے والے نوجوانوں کی حتمی فہرست اگلے ہفتے تک تیار کرنے جارہی ہے۔ اس کام کیلئے وادی کے تما م پولیس تھانوں میں درج کیسوں کی جانچ پڑتال بڑے پیمانے پرشروع کردی گئی ہے ۔انسپکٹر جنرل پولیس منیر احمد خان نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اگلے ہفتے تک حتمی فہر ست تیار ہونے کے بعد پولیس ہیڈکوارٹر کو بھیج دی جائے گی۔تاہم انکا کہنا تھا کہ اس فہرست میں صرف 2016کی ایجی ٹیشن میں پہلی بار پتھرائو کرنے والے نوجوان ہی نہیں بلکہ 2010سے لیکر 2017 تک صرف ا یک بارسنگباری کرنے والے ہیں۔منیراحمدخان نے کہاکہ پچھلے لگ بھگ سات برسوں کے دوران جن نوجوانوں نے صرف ایک مرتبہ پتھرائو کرنے کاارتکاب کیا، نئی ایمنسٹی پالیسی کا فائدہ ان سب پر ہوگا۔واضح رہے کہ گرمائی ایجی ٹیشن2016کے دوران سنگباری کے واقعات سے متعلق 11ہزار سے زیادہ کیس یاایف آئی آردرج کئے گئے، جبکہ 2010میں احتجاجی لہر ے دوران قریب 5ہزار کیس درج کئے گئے تھے۔