جموں/گورنر این این ووہر انے آج جموں یونیورسٹی میں پہلی سٹی یونیورسٹی سپورٹس چمپئن شپ کا افتتاح کیا۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گورنر سینٹرل ، سٹیٹ اور شری ماتا ویشنو دیوی یونیورسٹیوں کے چانسلر کی حیثیت سے اس بات پر زور دیتے رہے ہیں کہ یونیورسٹی کے طلباء کو کھیل کودکی سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جانا چاہئے۔اس سلسلے میں گورنر نے جموں یورنیوسٹی کی یونیورسٹی کونسل میں ایک قرار داد پاس کی تھی جس کی رو سے ریاست میں بین یونیورسٹی کھیل مقابلے شروع کرنے کے لئے کہا گیا تھا۔ آج کی افتتاحی تقریب میں مختلف اداروں بشمول کشمیر اور جموں کی سینٹرل یونیورسٹیوں ، شری ماتا ویشنو دیو ی یونیورسٹی ، اسلامک یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کشمیر، شیر کشمیر زرعی یونیورسٹی کشمیر / جموں ، راشٹریہ سنسکرت سنتھان جموں ، بابا غلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی،سکمز ، این آئی ٹی سرینگر اور جموں یونیورسٹی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 700کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ان اداروں سے تشکیل دی گئی ٹیمیں سات روزہ بین یونیورسٹی سپورٹس چمپئن شپ میں شرکت کر رہے ہیں۔گورنر نے چمپئن شپ کا جھنڈا لہرا کر افتتاحی رسم انجام دی جس کے بعد مارچ پاسٹ ہوا۔سات روزہ کھیل سرگرمیوںمیں مردوں اور خواتین کی ٹیمیں کرکٹ ، والی بال ، باسکٹ بال ، بیڈ منٹن ، ٹیبل ٹینس اور فٹ بال کے مقابلوں میں حصہ لیں گی۔شرکا کا استقبال کر تے ہوئے گورنر نے امید ظاہر کی کہ ان مقابلوں سے ریاست میں کھیل کلچر کو فروغ ملے گا۔ اس چمپئن شپ کے انعقاد کے لئے گورنر نے جموں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر آر ڈی شرما اور ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر اوتار سنگھ جسروٹیہ کو مبارکباد دی۔طالب علموں کی متوازن ترقی کے لئے غیر تدریسی سرگرمیوں کی اہمیت بیان کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ کھیلوں کو تدریسی سرگرمیوں کے مساوی اہمیت دی جانی چاہئے۔ انہوںنے کہا کہ کھیلوں سے نوجوانوں میں نظم و نسق پیدا ہوتا ہے۔گورنر نے پروفیسر آر ڈی شرما کو مشورہ دیا کہ اگلے سال کی چمپئن شپ میں حال ہی میں قائم کی گئی دو کلسٹر یونیورسٹیوں کی ٹیموں کو بھی شرکت کی دعوت دینے کے ساتھ ساتھ لیہہ اور کرگل کے کھلاڑیوں کو بھی دعوت دی جائے۔انہوںنے اگلے برس کی چمپئن شپ میں کم سے کم 1000کھلاڑیوں کی شرکت کو یقینی بنانے کے لئے کہا۔گورنر نے سپورٹس میٹ کی میزبانی کے لئے جموں یونیورسٹی کو ایک لاکھ روپے اور چمپئن شپ کے فاتحین کے لئے گورنرس ٹرافی دینے کا اعلان کیا۔ انہوںنے وائس چانسلر کو صلاح دی کہ وہ فاتحین کے لئے دلکش انعامات منتخب کریں ۔پروفیسر آر ڈی شرما نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا جبکہ یونیورسٹی کے رجسٹرار پروفیسر کیشو شرما نے شکریہ کی تحریک پیش کی۔ڈائریکٹر سپورٹس پروفیسر جسروٹیہ نے یونیورسٹی میں کھیل سرگرمیوں اور اس سلسلے میں مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں جانکاری دی۔اس موقعہ پر سینٹرل یونیورسٹی آف جموں کے وائس چانسلر پروفیسر اشوک ایمہ ، ڈین و ریکٹرصاحبان اور طلباء بھی موجود تھے۔