جموں// عازمین کا پہلا قافلہ رواں ماہ کی25 تاریخ کو سرینگر سے حرمین شریفین کے لئے روانہ ہوگا۔روزازنہ420 عازمین پر مشتمل دو پروازیں سعودی عرب کے لئے سرینگر سے اُڑان بھریں گی۔عازمین کی واپسی7 ستمبر سے شروع ہوگی۔ رواں سال8050 عازمین سفر محمود پر روانہ ہوں گے، ریاستی حج کمیٹی نے خدام الحجاج کے لئے خصوصی جیکٹ اور جھنڈے متعارف کرائے ہیں تا کہ عازمین کو اُن کی شناخت کرنے میں آسانی ہوسکے۔ خدام الحجاج200 افراد پر مبنی عازمین کے گرؤپوں کی قیادت کریں گے۔ جدید ٹیکنالوجی سے لیس گاڑیاں عازمین کو حج ہاؤس سے ہوائی اڈے تک لے جانے کے لئے دستیاب کرائی جائیں گی جبکہ محکمہ نے حج سے متعلق ضروری تفصیلات کے حوالے سے براؤچر بھی جاری کئے ہیں۔ حج کمیٹی نے تین غیر مُلکی کرنسی کے تبادلے کے کاؤنٹر قائم کئے ہیں اور ہر عازم کو ضروری حادثاتی انشورنس پالیسی کے دائرے میں لایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عازمین کو ذاتی شناختی کارڈ بھی فراہم کئے جائیں گے۔وزیر حج و اوقاف نے ریاستی حج کمیٹی کے خدام الحجاج کو عازمین کی بہتر ڈھنگ سے رہنما ئی کرنے اور حج سے متعلق تمام جانکاری دینے کی بھی ہدایت دی ہے۔