عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر///پہلگام ہلاکتوں کے خلاف وادی بھر میں مکمل ہڑتال کے ددران جہاں بازار ویران رہے وہیںمختلف تجارتی انجمنوںنے بھی اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں ۔ اس بیچ سرینگرمیں کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (KCC&I) نے ایک خصوصی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلایا جس میں تمام ایگزیکٹو کمیٹی ممبران، وابستہ ایسوسی ایشنز اور جنرل ممبران نے شرکت کی۔ میٹنگ کے دوران چیمبر نے متفقہ طور پر ایک قرار داد منظور کی جس میں پہلگام کے بایسران میں بے گناہ لوگوں کے بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کی گئی۔ان وحشیانہ ہلاکتوں کے خلاف احتجاج کے طور پر چیمبر کی طرف سے کشمیر میں مکمل بند کی کال پر عمل کیا گیا ہے۔چیمبر نے کل دوپہر گھنٹہ گھر (کلاک ٹاور) میں پرامن دھرنا دیا۔ جس میںتاجر تنظیموں، ٹریول اینڈ ٹورازم ایسوسی ایشنز، بزنس کامرس چیمبرز کے سربراہان، منسلک تنظیموں، ایسوسی ایشنز اور چیمبر کے ممبران نے شرکت کی ۔ادھرکشمیر ویلی فروٹ گروورس کم ڈیلرس یونین جو وادی کے تمام فروٹ گروورس ایسو سی ایشنوں کی چھتری باڑی ہے اور دی نیو کشمیر فروٹ ایسو سی ایشن فروٹ منڈی پارمپورہ سرینگر نے پہلگام میں ہوئے بربریت پر سخت مذمت کرتے ہوئے اس میںہلاک مہمان سیاحوں کے گھر والوں کے ساتھ اظہار تعزیت کیا ہے۔ یونین کے صدر بشیر احمد بشیرنے کہا کہ سانحہ کے مد نظر فروٹ منڈی پارمپورسرینگر اور وادی کے تمام فروٹ /سبزی منڈیاں 23 بدھوار کو تمام کاروبار کیلئے مکمل طور پر بطور بند رہی۔ادھرکشمیر ٹریڈرز اینڈ مینوفیکچررز فیڈریشن (KTMF) نے پہلگام کے علاقے میں معصوم سیاحوں کے وحشیانہ قتل پر گہرے غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔ اس افسوسناک اور قابل مذمت واقعہ کے ردعمل میں کے ٹی ایم ایف نے احتجاج اور اجتماعی سوگ کے طور پر پوری وادی میں مکمل بند کی کال دی تھی۔ سری نگر، اننت ناگ، بارہمولہ، پلوامہ، کولگام، کپواڑہ، شوپیاں، بانڈی پورہ، گاندربل اور بڈگام سمیت کشمیر کے تمام اضلاع میں مکمل بندرہا ۔ تمام بڑی مارکیٹیں، کاروباری ادارے اور تجارتی سرگرمیاں بند رہیں جو کاروباری برادری اور کشمیری عوام کے اندر گہرے درد اور غصے کی عکاسی کرتی ہیں۔KTMFنے کہا کہ یہ بند سوگوار خاندانوں کے ساتھ یکجہتی کا ایک طاقتور اظہار اور ان لوگوں کے خلاف ایک مضبوط پیغام ہے جو ہمارے خطے کو غیر مستحکم کرنے اور اس کی امن اور مہمان نوازی کی شبیہ کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔