عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پہلگام میں مہلک حملے سے کچھ دن پہلے، انٹیلی جنس ایجنسیوں نے زبرون رینج کے دامن میں سرینگر کے مضافات میں ہوٹلوں میں قیام کرنے والے خاص طور پر سیاحوں کو ممکنہ طور پر نشانہ بنانے سے خبردار کیاتھا۔اس نے ان علاقوں میں سیکورٹی کی موجودگی کو بڑھاوا دیا جس میں سرینگر میں پولیس کے اعلیٰ افسران نے داچھی گام، نشاط اور ملحقہ علاقوں کے ارد گرد کومبنگ آپریشنز کی نگرانی کی تھی۔پچھلے سال اکتوبر میں سونمرگ کے گنگن گیر میں ایک تعمیراتی سائٹ پرحملے کی وجہ سے ان علاقوں نے توجہ حاصل کی اور سیکورٹی فورسز نے گشت بڑھایا ۔ یہ علاقہ زبرون رینج کے دوسری طرف واقع ہے ۔دو ہفتے تک جاری رہنے والے آپریشن کے باوجود، سیکورٹی فورسز نے انٹیلی جنس کی بنیاد پر سری نگر کے مضافات میں وسیع تلاشی لی، لیکن ان کوششوں میں کوئی کامیابی حاصل نہیں ہوئی اور آپریشن 22 اپریل کو روک دیا گیا، جس دن ملی ٹینٹوں نے پہلگام کے علاقے میں سیاحوں کو نشانہ بنایا ، جس میں 26 افراد مارے گئے۔ایسے اطلاعات موصول ہوئی تھی کہ ملی ٹینٹ گزشتہ ماہ کے شروع میں وزیر اعظم نریندر مودی کے کٹرا سے سری نگر تک پہلی ٹرین کو جھنڈی دکھانے کے دورے کے دوران اس طرح کے مذموم عزائم کو انجام دینا چاہتے تھے۔حکام نے بتایا کہ یقینی طور پر، پاکستان آنے والے ریلوے لنک پر خوش نہیں ہے جس کا مقصد وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں سے جوڑنا ہے۔پہلگام حملے کے بارے میں حکام نے کہا کہ جو بات سامنے آ رہی ہے وہ یہ ہے کہ دو مقامی ملی ٹینٹ پہلے ہی سیاحوں کے ساتھ گھل مل گئے تھے اور جیسے ہی پہلی گولی چلائی گئی، وہ سیاحوں کو فوڈ کورٹ کمپلیکس میں لے گئے، جہاں دو دیگرملی ٹینٹوں نے، جن میں مبینہ طور پر پاکستانی تھے، فائرنگ کر کے ان میں سے 26 کو ہلاک کر دیا۔