سرینگر/جنوبی کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں سنیچر کو اُس ٹورسٹ گائیڈ کی لاش دریائے لدر سے بر آمد ہوئی جس نے کشتی اُلٹنے کے بعد دو غیر ملکیوں سمیت پانچ سیاحوں کی جانیں بچائیں۔
اطلاعات کے مطابق رئوف احمد ڈار ساکنہ یناڈ نامی ٹورسٹ گائیڈ نے پہلگام میں اپنی جان پانچ سیاحوں کو بچاتے بچاتے جان آفرین کے سپر دکی۔
مذکورہ سیاحوں کی جان گذشتہ شام اُس وقت خطرے میں مبتلاء ہوئی تھی جب اُن کی کشتی دریائے لدر میں ریفٹنگ کے دوران اُلٹ گئی تھی۔
حکام کے مطابق ڈار سیاحوں کی جانیں بچانے کے دوران لاپتہ ہوا تھا اور آج بھوانی برج کے نزدیک اُس کی لاش بر آمد ہوئی۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق ضلع کمشنر اننت ناگ خالد جہانگیر نے بہادر ڈار کی اس بات کیلئے تعریفیں کیں کہ اُس نے اپنی جان کی قیمت پر پانچ سیاحوں کی جانیں بچائیں۔