عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ سے تعلق رکھنے والے صحافیوں نے سیاسی و سماجی کارکنوں کے ساتھ مل کر پہلگام میں بےگناہ سیاحوں کے قتل عام کے خلاف کینڈل مارچ نکالا۔ اس موقعہ پر مختلف اخبارات، ٹی وی چینلوں اور ویب پورٹلوں کے ساتھ کام کرنے والے صحافیوں ،سیاسی و سماجی کارکنان کی بڑی تعداد شامل تھی جنھوں نے ڈاگ بنگلو کے باہر جمع ہوکر کینڈل مارچ نکالا ۔ اس موقعہ پر بات کرت ہوئے صحافیوں نے یک زبان ہوکر اس قتل عام کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے ناقابل قبول بتایا ۔ انھوں نے اسے انسانیت سوز قرار دیا اور مرکزی سرکار سے اس میں ملوث افراد کے خلاف سخت سے سخت کاروائی کا مطالبہ کیا۔ سماجی و سیاسی کارکنان نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس دکھ کی گھڑی میں ہم سب بلالحاظ مذہب و ملت ایک ہوکر سرکار کے ساتھ ہیں ،ہم بے گناہوں کے قتل میں ملوث افراد کے خلاف سخت و عبرت ناک کاروائی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ آخر میں ان سب بے گناہوں کی یاد میں دومنٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔