عظمیٰ نیوزسروس
جموں//لیفٹیننٹ گورنر منوج سِنہانے مشریوالہ جموں میں واقع صاحب بندگی آشرم میں قائم شیلٹر اینڈ لاجمنٹ سینٹر کا دورہ کیا اور اُن کنبوں کے اَفراد سے ملاقات کی جو پاکستان کی طرف سے سرحد پار گولہ باری سے متاثر ہوئے ہیں۔اُنہوں نے متاثرہ کنبوں کے اَفراد کی خیرو عافیت دریافت کی اور اُن کے مسائل بغور سُنا۔ اُنہوں نے حفاظت اورسلامتی کو یقینی بنانے کے لئے مرکزی حکومت اور جموںوکشمیر یوٹی کی اِنتظامیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔لیفٹینٹ گورنر نے کہا،’’پوری قوم متاثرہ کنبوں کے ساتھ شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔‘‘اُنہوں نے مزید کہا،’’ہندوستان نے ہمیشہ اَمن کی وکالت کی ہے۔ ہم کبھی بھی جنگ نہیں چاہتے لیکن پہلگام میں جو کچھ ہوا، وہ دہشت گرد ریاست پاکستان کی جانب سے جنگ کا اعلان تھا۔ ’’آپریشن سندور‘‘ کے ذریعے ہم نے پہلگام کا بدلہ لیا ہے۔ مجھے اَپنے فوجیوں اور آرمڈ فورسز پر فخر ہے ۔ ہماری یہ جنگ پاکستان کو سبق سکھانے کے لئے تھی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ہماری آرمڈفورسز نے بارہا یہ ثابت کیا ہے کہ وہ دہشت گرد ریاست پاکستان کی طرف سے لاحق خطرات کا فیصلہ کن جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔ پاکستان دہشت گردوں کو پناہ دیتا ہے، انہیں برآمد کرتا ہے اور ہماری سرزمین پر اَپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے ذریعے شدید نقصان پہنچاتا ہے۔‘‘اُنہوںنے کہا،’’ہندوستان اَپنی خودمختاری اور علاقائی سا لمیت پر کبھی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ،’’ہم جموں و کشمیر سے دہشت گردی کے مکمل ڈھانچے کا صفایا کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔‘‘ اُنہوں نے مزید کہا،’’ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب ہماری آرمڈ فورسز نے ’’ آپریشن سندور‘‘ کے تحت اِنتہائی درست اور منصوبہ بند کاررِوائی کی جس میں پاکستان میں قائم دہشت گردی کی فیکٹریوں کو کامیابی سے تباہ کیا اور پہلگام میں بے گناہ شہریوں کے قتل کا بدلہ لیا۔اِس آپریشن نے ہمارے عزم اور غیر معمولی تحمل کو ظاہر کیا۔‘‘اُنہوں نے کہا،’’ہماری آرمڈ فورسز نے یہ بات بالکل واضح کر دی ہے کہ دشمن کی جانب سے ہمارے عوام کی حفاظت اور سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے کا ایسا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا جو پاکستان کی سات نسلیں یاد رکھیں گی۔‘‘لیفٹیننٹ گورنر نے اُن تمام اَفراد اور تنظیموں کا شکریہ اَدا کیا جو پاکستان کی جانب سے بلا اشتعال گولہ باری سے متاثرہ کنبوں کی مدد کر رہے ہیں۔ اُنہوں نے یہ بھی یقین دِلایا کہ لوگوں کی حفاظت کے لئے نئے تخمینے کے مطابق بنکر بنائے جائیں گے۔