عظمیٰ ویب ڈیسک
سری نگر/پہلگام میں سیاحوں پر ہوئے ملی ٹینٹ حملے کے بعد شمالی فوج کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سوچیندر کمار ہنگامی طور پر سری نگر وارد ہوئے ہیں۔دفاعی ذرائع کے مطابق، جنرل سوچیندر کمار نئی دہلی میں ایک اہم کانفرنس میں شرکت کر رہے تھے، تاہم حملے کی اطلاع ملتے ہی انہوں نے اپنا پروگرام منسوخ کر کے وادی کا رخ کیا۔
فوجی ذرائع نے بتایا کہ جنرل کمار فوجی فارمیشن کمانڈروں سے تفصیلی بریفنگ حاصل کریں گے۔ انہیں تازہ ترین زمینی صورتحال، انسدادِ دہشت گردی آپریشنز کی پیش رفت، حملے کی نوعیت، ابتدائی شواہد، اور مستقبل کے اقدامات پر بریف کیا جائے گا۔
پہلگام کے بیسرن علاقے میں پیش آئے ملی ٹینٹ حملے میں متعدد سیاح ہلاک ہوئے ہیں۔ حملے کے بعد فوج، سی آر پی ایف اور مقامی پولیس نے مشترکہ طور پر بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی ہے۔ خیال کیا جا رہا ہے کہ حملہ آور گھنے جنگلات میں روپوش ہو چکے ہیں۔
دفاعی ذرائع کا کہنا ہے کہ جنرل سوچیندر کمار کی آمد کا مقصد نہ صرف موجودہ صورتحال کا براہ راست مشاہدہ کرنا ہے بلکہ آئندہ سیکورٹی اقدامات کو موثر بنانا بھی ہے۔ وہ حساس علاقوں میں سیکورٹی کی از سرِ نو جانچ اور امن و امان کے قیام کے لیے دی جانے والی ہدایات پر نظر ثانی کریں گے۔
یاد رہے کہ شمالی کمان جموں و کشمیر، لداخ اور دیگر حساس سرحدی علاقوں کی سیکورٹی کی ذمہ دار ہے، اور کسی بھی غیر معمولی واقعے کی صورت میں شمالی کمان کے سربراہ کی براہ راست مداخلت اہم تصور کی جاتی ہے۔
ذرائع کے مطابق، لیفٹیننٹ جنرل کمار کی موجودگی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وادی میں انسدادِ دہشت گردی کی کارروائیوں میں شدت متوقع ہے۔
پہلگام ملی ٹینٹ حملہ: فوج کی شمالی کمان کے سربراہ ہنگامی طور سری نگر وارد
