عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//ہندوستان نے جمعرات کو امریکہ، برطانیہ، فرانس، چین، روس، جرمنی اور کئی دیگر ممالک کے سفیروں کو پہلگام دہشت گردانہ حملے سے آگاہ کیا۔ سکریٹری خارجہ وکرم مصری نے سفارت کاروں کو معصوم شہریوں پر دہشت گردانہ حملے کے مختلف پہلوئوں اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی’زیرو ٹالرنس‘کی پختہ پالیسی سے آگاہ کیا۔یہ جانکاری بھارت کی جانب سے پاکستان کے خلاف اقدامات کے اعلان کے ایک دن بعد ہوئی جس میں پاکستانیوںکی بے دخلی، سندھ طاس معاہدہ کی معطلی اور واگہ سرحد کو فوری طور پر بند کرنا شامل ہے۔سفارت کاروں کواس خوفناک حملے اور دہشت گردی کے خلاف ہندوستان کی ’زیرو ٹالرنس‘کی پختہ پالیسی کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔عمان، متحدہ عرب امارات، قطر، ناروے، اٹلی، انڈونیشیا اور ملائیشیا کے سفارت کار بھی بریفنگ کا حصہ تھے۔ نئی جوابی کارروائیوں نے دونوں فریقوں کے درمیان موجود چند سفارتی میکانزم کو بند کر دیا جس سے دو طرفہ تعلقات ایک اور نئی نچلی سطح پر پہنچ گئے۔بہار کے مدھوبنی میں ایک خطاب میں مودی نے حملے کے پیچھے دہشت گردوں کو سزا دینے کا عزم کیا اور کہا کہ دہشت گردی سے ہندوستان کی روح کبھی نہیں ٹوٹے گی۔
امت شاہ اور جے شنکر کی مرمو سے ملاقات
یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر نے پہلگام حملے پر بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ سے قبل جمعرات کو یہاں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کی۔راشٹرپتی بھون کے مطابق دونوں مرکزی وزیر صدر سے ملنے آئے اور ان سے بات کی۔راشٹرپتی بھون نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر میٹنگ کی تصویر جاری کرتے ہوئے یہ معلومات شیئر کیں۔پہلگام حملے کے معاملے پر حکومت کی طرف سے بلائی گئی کل جماعتی میٹنگ سے قبل ہونے والی اس میٹنگ کو اہم قرار دیا جا رہا ہے۔شاہ نے صدر جمہوریہ کو اپنے دورئہ جموں و کشمیر اور وہاں کی صورتحال سے آگاہ کیا ہے۔
دہلی میں پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر لوگوں کا احتجاج
یو این آئی
نئی دہلی//جموں و کشمیر کے پہلگام میں حالیہ دہشت گردانہ حملے کے خلاف پورے ملک میں زبردست غم وغصہ پایاجارہا ہے اور اس سلسلے میں بڑی تعداد میں مظاہرین نے راجدھانی دہلی میں واقع پاکستان ہائی کمیشن کے باہرپرزور احتجاج کیا اور پاکستان مردہ باد کے نعرے بھی لگائے ۔دہلی اور اسلام آباد کے درمیان بڑھتے ہوئے تنا ئوکے درمیان دہلی میں واقع پاکستانی ہائی کمیشن کے باہر احتجاجی مظاہرین جمع ہوئے جہاں پولیس فورس انہیں پرسکون کرنے کی کوشش کر رہی تھی ۔پاکستانی ہائی کمیشن کے پاس پولیس اہلکاروں کی تعیناتی کے ساتھ بھاری رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔
کانگریس کا ملک گیر کینڈل مارچ
کہا دہشت گردی کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت
یو این آئی
نئی دہلی//کانگریس کی اعلیٰ ترین پالیسی ساز تنظیم کانگریس ورکنگ کمیٹی (سی ڈبلیو سی)کی ایک ہنگامی میٹنگ میں جمعرات کو پہلگام دہشت گردانہ حملے کی سخت مذمت کی اور اس کے خلاف کل ملک گیر کینڈل مارچ نکالنے کا فیصلہ کیا۔سی ڈبلیو سی کی اس اہم میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں کہا’’یہ حملہ پاکستان کی طرف سے منصوبہ بند حکمت عملی کا حصہ ہے اور ہماری قومی خودمختاری پر حملہ ہے۔ یہ ہندوں کو نشانہ بنا کر اشتعال انگیزی کے مقصد سے حملہ ہے، جس میں امن برقرار رکھنے کی ضرورت ہے‘‘۔انہوں نے کہا کہ ورکنگ کمیٹی نے اس حملے کی شدید مذمت کی ہے اور متاثرین کے اہل خانہ سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ 25اپریل کو کانگریس اس دہشت گردانہ حملے کے خلاف ملک بھر میں کینڈل مارچ نکالے گی۔کانگریس نے دہشت گردانہ حملے کو پاکستان کی طرف سے منصوبہ بند حکمت عملی کا حصہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس دہشت گردی کے خلاف پوری قوم کے ساتھ مضبوطی سے کھڑی ہے لیکن اس حملے میں انٹیلی جنس کی ناکامیوں اور سیکورٹی کی خامیوں کی جامع جانچ ضروری ہے۔سی ڈبلیو سی کی ہنگامی میٹنگ کے بعد پارٹی کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال اور کمیونی کیشن انچارج جے رام رمیش نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ میٹنگ کا آغاز دو منٹ کی خاموشی سے ہوا اور اس کے بعد حملے کو لے کر ایک قرارداد منظور کی گئی، جس میں کہا گیا کہ کانگریس امن کی اپیل کرتی ہے اورامید کی جاتی ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اس معاملے پر منعقدہ کل جماعتی میٹنگ کی صدارت کریں گے۔کانگریس کے رہنمائوں نے کہا’’یہ حملہ پاکستان کی طرف سے رچی گئی ایک سازش تھی جس میں خاص طورپر ہندوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔ یہ ایک منصوبہ بند اسٹریٹجک چال تھی، اس لئے ہمیں سرحد پارسے دہشت گردی کے خلاف اتحاد اور طاقت کے ساتھ لڑنے کی ضرورت ہے‘‘۔پارٹی کے رہنمائوں نے کہا کہ سی ڈبلیو سی نے اس معاملے میں مقامی شہریوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ ورکنگ کمیٹی امن کی اپیل کرتی ہے اور عزم اور یکجہتی کے ساتھ سرحد پار دہشت گردی سے لڑنے کے لیے کانگریس کے دیرینہ عزم کا اعادہ کرتی ہے۔
عالم اسلام کے سربراہوںکا ہندوستان کے ساتھ اظہار یکجہتی
یو این آئی
نئی دہلی//عالم اسلام نے بھی پہلگام کے دہشت گردانہ واقعے پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت کو ختم کرنے کے لیے سارے ممالک کو اکٹھا ہوکر کام کرنا چاہئے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں مسلم ممالک کے سربراہوں نے صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور وزیر اعظم نریندر مودی کو دہشت گردی کے سانحہ پر دکھ اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کو کسی بھی شکل میں قبول کرنے کی گنجائش نہیں ہے یہ ایک لعنت ہے جس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی ضرورت ہے۔سعودی عرب کے ولی عہد محمد بن سلمان ، کویت کے امیر شیخ مشعل الاحمد الجابر کے علاوہ متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ اور طالبان کی حکومت نے بھی اس حملے کی سخت مذمت کی ہے۔ امیرکویت نے اپنے پیغام میں کہا کہ انہیں اس دہشت گردانہ حملے میں مرنے والوں کے ساتھ پوری ہمدردی ہے اور دعاگو ہیں کہ جولوگ زخمی ہوئے انہیں جلد از جلد شفایابی ملے۔ عراق کی وزارت خارجہ نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ضروری اقدامات کیے جانے کی ضرورت ہے ۔
دہشت گردوں کو سزاملے گی :یوگی،کشمیری پنڈتوں کا جنتر منتر پر احتجاج
جامعہ ملیہ میں جان گنوانے والوں کی یاد میں شجرکاری،این جی ٹی کی مذمت
یو این آئی
کانپور// وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے جمعرات کو کہا کہ جموںکشمیر کے پہلگام میں بے قصور سیاحوں کا قتل کرنے والے دہشت گردوں اور ان کے آقاؤں کو بخشا نہیں جائے گا اور انہیں اس سنگین جرم کی سخت سزا جلد ملے گی۔پہلگام میں دہشت گردانہ حملے کے شکار شھبم دویدی کی میت کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد یوگی نے اہل خانہ کی ڈھارس بندھائی اور یقین دلایا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی حکومت دہشت گردی اور شدت پسندی کے تئیں زیرو ٹالیرنس کی پالیسی پر قائم ہے۔یوگی نے بعد میں ایک مختصر پریس کانفرنس میں کہا کہ پہلگام واقع یہ ظاہر کرتا ہے کہ دہشت گردی اب آخری سانسیں لے رہی ہے ۔ ہماری بہنوں اور بیٹیوں کی زندگیاں برباد کرنے والے دہشت گردوں کو جلد ان کے کرتوتوں کی سزا ملے گی۔ ادھر کشمیری پنڈتوں نے جمعرات کو قومی دارالحکومت کے جنتر منتر پر احتجاج کیا۔ مظاہرین نے ’ہندو نسل کشی بند کرو‘کے نعرے بلند کرتے ہوئے کشمیر سے لے کر مشیر آباد، منی پور سے لے کر تامل ناڈو تک ہندوں کو نشانہ بنائے جا نے کی مذمت کی۔ مظاہرین نے حکومت ہند سے پاکستان کو واضح طور پر دہشت گرد ملک قرار دینے اور اس کے ساتھ تمام سفارتی اور اقتصادی تعلقات ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔جامعہ ملیہ اسلامیہ نے باضابطہ اور جذباتی خراج پیش کرتے ہوئے مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے گہرے دکھ اور افسوس کے ساتھ تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ چیف تعلقات عامہ افسر،جامعہ ملیہ اسلامیہ،پروفیسر صائمہ سعید کے مطابق شعبہ ماحولیاتی سائنس،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ (این آئی ڈی ایم)کے یوم ارض دوہزار پچیس منانے کے لیے منعقدہ سمپوزیم کے آغاز میں پروفیسر مظہر آصف،شیخ الجامعہ،جامعہ ملیہ اسلامیہ اور پروفیسر محمد مہتاب عالم رضوی،مسجل جامعہ ملیہ اسلامیہ نے دہشت گرادنہ حملے میں مہلوکین کے پسماندگان کو تعزیت پیش کی اورپورے ملک کے ساتھ مل کر مشکل وقت میں امن وآشتی،انسانیت اور رحمدلی کی اپیل کی۔مہلوکین کی یاد اور ان کے تئیں عزت و تکریم کے اظہار کے لیے پروفیسر آصف، پروفیسر رضوی اور جامعہ اور این آئی ڈی ایم کے دیگر اہل کاروں،معزز مہمانان اور طلبہ نے یونیورسٹی انتظامی بلاک کے سامنے سبزہ زار میں 26 درخت لگائے۔نیشنل گرین ٹریبونل (این جی ٹی)نے حملے کی سخت مذمت کی ہے۔این جی ٹی نے اپنی تعزیت کا اظہار کیا اور ان معصوم لوگوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔انہوںنے واقعہ میں زخمی ہونے والوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی۔
مکیش امبانی اورآرینز کا اظہار رنج
عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی// ریلائنس انڈسٹریز لمیٹڈ کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر مکیش امبانی نے ایک تعزیتی پیغام میں کہاکہ ہم سوگوار خاندانوں کے ساتھ دلی تعزیت پیش کرتے ہیں۔ ہم حملے میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کی خواہش کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ممبئی میں ہمارا ریلائنس فاونڈیشن ہسپتال تمام زخمیوں کا مفت علاج کرے گا۔ادھر آرینز گروپ آف کالجز چندی گڑھ کے جموں کشمیر طلبا نے پہلگام واقعہ میں 27جانوں کے المناک نقصان پر اپنے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔ آرینز گروپ کے چیئرمین ڈاکٹر انشو کٹاریہ اس موقع پر موجود تھے۔ڈاکٹر کٹاریہ نے سوگوار خاندانوں کے تئیں اپنی گہری تعزیت کا اظہار کیا اور مرحومین کیلئے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر زمین پر جنت ہے، ہر مصیبت کے باوجود ہمیشہ جنت رہے گا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ کوئی بھی دہشت گرد حملہ ہندوستان کے 140کروڑ عوام کے جذبے کو کمزور نہیں کر سکتا۔