کنگن// موسم سازگار ہونے کے باوجود امر ناتھ یاترا مسلسل تیسرے روز بھی بال تل سے معطل رہی ا س دوران نلہ گراٹھ سونہ مرگ سے پنجترنی تک ہوائی سروس جمعہ کے روز بحال کی گئی ۔تاہم پہلگام کے راست یاترا بحال کی گئی۔ منگل کے روز ریل پتھری اور براری مرگ کے مقامات پر چٹانیں اور مٹی کے تودے گر آنے کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت چار یاتریوں کی موت واقع ہوئی تھی جبکہ دو مزدور سمیت پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد بال تل سے امر ناتھ گپھا کی طرف یاترا معطل کی گئی۔ جمعہ کو ریاست کے گورنر این این ووہرا نے بال تل کا دورہ کرکے یاترا کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ گورنر موصوف نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ ریل پتھری اور براری مرگ کے مقام پر سڑک کی مرمت کرکے قابل آمد رفت بنایا جائے تاکہ بال تل میں درماندہ ہوئے یاتریوں کو گپھا کی طرف روانہ کیا جائے ۔ گورنر موصوف نے آر اینڈ بی محکمہ کو ہدایت دی ہے کہ ریل پتھری اور براری مرگ کے مقام، جہاں پر چٹانیں گر آتی ہیں، پر جالی لگائی جائے تاکہ اس راستے سے چلنے والے یاتریوں کو چٹانوں کے خطرے کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ گورنرنے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی کہ وہ ایس آر ٹی سی کی گاڑیاں بال تل میں دستیاب رکھے تاکہ جو یاتری پہلگام کے راستے سے گپھا کی طرف جانا چاہتے ہیں وہ ان گاڑیوں میں سوار ہوکر پہلگام کی طرف روانہ ہوجائے ۔