حسین محتشم
پونچھ//کشمیر کے پہلگام میں ہوئے دہشت گرندانہ حملے کے خلاف انجمن جعفریہ پونچھ کے بینر تلے صدر انجمن مقصود احمد قلی کی قیادت میں جمعہ کی نماز کے بعد ایک زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔اس دوران مظاہرین قتل عام بند کرو،ہندوستان کے چار سپاہی ہندو مسلم سکھ عیسائی، ظالموں ظالموں خون کا حساب دو جیسے نعرے لگاتے ہوئے نظر آئے۔ مولانا الحاج سید کرار حسین جعفری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام کے سانحہ نے انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان دہشت گردوں کا اسلام یا کسی اور مذہب سے کوئی تعلق نہیں یہ درندے ہیں ان کو انسان کہنا بھی جائز نہیں ہے۔انہوں نے حکومت ہند سے اپیل کی کہ اس سلسلہ میں کاروائی کر کے حملے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔انجمن جعفریہ پونچھ کے صدر مقصود احمد قلی نے اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قران کریم میں ارشاد خداوندی ہے کہ ایک بے گناہ انسان کا قتل پوری انسانیت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر اس کو غلط رنگ دیا جا رہا ہے اس سلسلہ پر قدغن لگایا جانا چاہیے۔انہوں نے ریاست جموں و کشمیر کے طلبہ جو کہ دیگر ہندوستان کی ریاستوں میں زیر تعلیم ہیں ان کو تحفظ فراہم کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔امام جمعہ وجماعت حضرت علی جامعہ مسجد بونچھ مولانا امان حیدر رضوی ہلوری نے اس دوران کشمیر عظمی کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام میں دہشت گردانہ حملے نے پوری انسانیت کو جنجوڑ کر رکھ دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس سانحہ میں موت کا شکار ہوئے ہیں ہم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، اور اس سانحہ کے کڑے الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔انہوں نے ہندوستان کے عوام کو اپسی بھائی چارے کو برقرار رکھنے کی بھی اپیل کی۔