سید اعجاز +عارف بلوچ
ترال+اننت ناگ//پہلگام قتل عام میں مبینہ طور پرملوث جنوبی کشمیرکے 2لشکر ملی ٹنٹوں کے رہائشی مکانات دوران شب زورداردھماکوںمیں زمین بوس کئے گئے ۔ترال میں لشکر ملی ٹینٹ آصف احمد شیخ ولد غلام محمد شیخ ساکن مونگہامہ کا رہائشی مکان ایک بارودی دھماکے میں مسمار کیاگیا ۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ دھماکہ رات کے دوران کیا گیاجب فورسز نے مکان کی تلاشی لی۔ دھماکے کے وجہ سے مکان ختم ہوا جبکہ آس پاس کے کچھ مکانوں کو جزوی نقصان پہنچا ۔آصف سنجواں جموں حملے کے بعد سرگرم ہوااور ان کاچھوٹا بھائی شفیق احمد اسی روز سے جیل میں بندہے۔ انہیں جموں میں ہی گرفتار کیا گیا تھا۔ادھر جمعرات اور جمعہ کی درمیانی رات کو بجبہاڑہ اننت ناگ میں لشکر طیبہ کے ملی ٹینٹ کے مکان کو دھماکہ میں مسمار کردیا گیا۔ اننت ناگ کے بجبہاڑہ علاقے میں عادل ٹھوکر کے مکان کو دھماکے میں زمین بوس کردیا گیا۔ ان کے گھروں میں کچھ دھماکہ خیز مواد رکھا گیا تھا۔سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ بجبہاڑہ کا رہنے والا ٹھوکر پہلگام حملے کے کلیدی ملزمین میں شامل ہے جبکہ ترال کے آصف شیخ پر حملے کی سازش میں ملوث ہونے کا شبہ ہے۔ پولیس نے بتایا کہ دیگر2مشتبہ افراد پاکستانی شہری ہیں اور ان کی گرفتاری میں مدد کرنے والے کو 20 لاکھ روپئے کے انعام کا اعلان کیا۔