عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//پہلگام حملے کے بعد جموں و کشمیر میں سخت حفاظتی انتظامات اور پاکستان کی طرف سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی)کے ساتھ کئی دنوں تک بلا اشتعال چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ کے درمیان، وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے منگل کو اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ نئے حفاظتی اقدامات سے معصوم مقامی افراد متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا کہ جہاں پہلگام حملے میں ملوث ملی ٹینٹوں کو پکڑنے کی کوششیں جاری ہیں، وہیں یہ یقینی بنانا بھی ضروری ہے کہ اس سے جموں و کشمیر کے معصوم لوگ متاثر نہ ہوں۔انہوں نے کہا”ہم سب یہاں کی صورتحال کو سمجھتے ہیں، ہم اسے نظر انداز نہیں کر سکتے اور نہ ہی اس کے وجود سے انکار کر سکتے ہیں، لیکن ہمیں اس کا جائزہ لینا چاہیے تاکہ ہم پہلگام حملے میں ملوث افراد کو پکڑنے کی کوششوں میں جموں و کشمیر کے بے گناہ لوگوں کو متاثر نہ کریں‘‘۔عبداللہ نے مزید کہا، “ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ چند مجرموں کو پکڑنا ہو، ہم متعدد مقامی لوگوں کو گرفتار کر رہے ہیں، ہمیں محتاط رہنے اور منطقی طور پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے” ۔