عظمیٰ نیوز سروس
پہلگام// پہلگام میں مقامی لوگوں نے کینڈل لائٹ مارچ نکال کر حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ مارچ کے شرکاء نے متاثرین اور ان کے اہل خانہ کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر اپنی مہمان نوازی اور پرامن روایت کے لیے جانا جاتا ہے، اور ایسے حملے ہماری تہذیب اور اقدار کے خلاف ہیں۔اس پرامن مارچ کے دوراندہشت گردوں کے خلاف نعرے لگائے گئے اور علاقے میں امن و استحکام کی بحالی پر زور دیا گیا۔ یہ مارچ اس بات کی علامت تھا کہ پہلگام کے عوام عسکریت پسندی کو کسی صورت برداشت نہیں کریں گے اور ایسے واقعات کے خلاف متحد ہو کر کھڑے ہیں۔ادھر شمالی کشمیر کپوارہ ضلع کے ہندوارہ مین چوک میں بھی ایک پرامن مارچ کا اہتمام کیا گیا۔ یہ مارچ پہلگام میں سیاحوں پر حالیہ حملے کے خلاف احتجاج کے لیے منعقد کیا گیا تھا۔ اس تقریب کا مقصد متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور ایک مضبوط پیغام دینا تھا کہ کشمیری عوام ہر طرح کے تشدد کے خلاف متحد ہیں۔دریں وادی کے مختلف علاقوں میں پہلگام واقعہ کے خلاف زبردست غم و غصہ پایا جارہا ہے اور کینڈل لائٹ مارچ نکالے گئے۔ادھر سرینگر میں بھی کئی مقامات پرکاروباریوں نے اس حملے کے خلاف احتجاج کیا۔