سرینگر//مسلم دینی محاذ نے کہاہے کہ شیخ عبداﷲ کی زند گی کا پہلا اور آخری مقصد کشمیر کا اقتدار حاصل کرنا بن گیاتھا۔ موصولہ بیان کے مطابق کشمیر کو بھارت کے سپرد کرنے میں اُس کو صرف اقتدار کی طلب تھی۔ دینی محاذ ترجمان نے کہا ہے کہ اگر وہ کشمیر کا پاکستان کے ساتھ الحاق کی وکالت کرتے تو پاکستان کشمیر کی حکومت میں مولانا محمد یوسف شاہ اور چودھری غلام عباس پر شیخ عبداﷲ کو ترجیح نہیں دیتا ،اس لئے شیخ محمدعبداﷲ کو کشمیر کا اقتدار صرف بھارت کی حکومت سے ہی مل سکتا تھا جن کی تربیت میں وہ 15سال رہے تھے۔ترجمان کے مطابق جس اقتدار کے لئے انہوں نے کشمیر کو بھارت کے سپرد کرکے برصغیر کو جنگ اور تباہی میں دھکیل دیا وہ اقتدار 1953 میں بھی پھر ہمیشہ کے لئے 1982 میں اُس سے چھین لیا گیا۔ مگرتعجب ہے اس صورتحال کے بعد بھی آج کے ہند نواز سیاستدان سبق حاصل نہیں کررہے ہیں۔