حسین محتشم
پونچھ // پہاڑی ہوسٹل پونچھ کی طرف جانے والا راستہ انتہائی خستہ حالی کا شکار ہوچکا ہے، جس کے سبب وہاں مقیم طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔مقامی لوگوں اور ہوسٹل میں رہنے والے طلبہ نے انتظامیہ سے بارہا شکایت درج کرائی تاہم تاحال اس جانب کوئی خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔طلباء کا کہنا ہے کہ بارشوں کے دوران یہ راستہ کیچڑ اور پانی سے بھرجاتا ہے، جس سے پیدل چلنا دشوار ہوجاتا ہے۔ کئی مرتبہ طلبہ کلاسز کے لئے وقت پر درسگاہوں تک نہیں پہنچ پاتے، جس کی وجہ سے ان کی تعلیم متاثر ہورہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر فوری مرمت نہ کی گئی تو کسی دن بڑا حادثہ رونما ہوسکتا ہے۔ہوسٹل کے ملازمین نے بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ راستے کی خراب حالت طلبہ کے ساتھ ساتھ عملے کے لئے بھی پریشانی کا باعث بنی ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار چھوٹے موٹے حادثات پیش آچکے ہیں لیکن خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ادھر مقامی شہریوں نے بھی متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ اس سڑک کی فوری مرمت کرائی جائے تاکہ طلبہ سکون اور اطمینان کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ دے سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ تعلیم حاصل کرنے والے بچوں کو بنیادی سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ذمہ داری ہونی چاہیے۔علاقے کے معززین نے ضلعی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ جلد از جلد اس مسئلے کو حل کیا جائے۔