عشرت حسین بٹ
منڈی//پونچھ ضلع کی تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں گنتڑ میں ایک مقامی شخص کے رہائشی مکان پر پسی گر آئی جس کی وجہ سے اس رہائشی مکان کو جزوی طور پر نقصان پہنچا ہے اور مکان رہائش کے قابل نہیں رہا ہے ۔سوجیاں علاقہ کے گاؤں گنتڑ سے تعلق رکھنے والے پیر محمد رفیق ولد عبدالاحد نامی شخص کے رہائشی مکان کے اوپر پسی گر آئی ہے جس کی وجہ سے انہیں اور ان کے اہل خانہ کا اس رہائشی مکان میں زندگی بسر کرنا کسی بھی خطرے سے باہر نہیں ہے۔ اس علاقہ سے تعلق رکھنے والے پیر محمد بشیر نامی ایک شخص نے اس حوالے سے بتایا کہ شدید بارش اور برف باری کی وجہ سے محمد رفیق کے رہائشی مکان کے پیچھے سے پہاڑی کھسکنے سے ان کے مکان پر آ گری جس کی وجہ سے ان کا مکان دھنس گیا اور مکان کے اندر دارا ریں پڑ گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ شخص کا مکان اب رہائش کے قابل نہیں رہا ۔ان کا کہنا تھا کہ محمد رفیق کا تعلق ایک غریب گرہانے سے ہے اور وہ ایک مزدور پیشہ انسان ہیں جو دن بھر مزدوری کر کے اپنے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں ۔انہوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ وہ تحصیلدار منڈی کی سربراہی میں ایک ٹیم علاقہ میں بھجیں تاکہ ان کے مکان کو ہوئے نقصان کا تخمینہ لگایا جا سکے اور متعلقہ شخص کا مکان کیونکہ اب رہائش کے قابل نہیں ہے اس لئے اسے ٹیم کو بھیجاجائے اور اس کی امداد کی جائے تاکہ وہ اپنے مکان کو ایک مرتبہ پھر رہائش کے قابل بنا سکے۔