بلدیاتی اداروں میں او بی سی کوٹہ کے بل کی منظوری، درج فہرست قبائل کی فہرست میں توسیع
سرینگر// راجیہ سبھا نے جمعہ کو جموں اور کشمیرسے متعلق تین بلوں کو منظوری دیدی۔جموں و کشمیر لوکل باڈیز قوانین آئینی (ترمیمی)بل 2024،جموں و کشمیرشیڈول کاسٹس آرڈر(ترمیمی)بل، 2024 اورجموں و کشمیرشیڈولڈ ٹرائب آرڈر آئینی (ترمیمی) بل، 2024 کو اس ہفتے کے شروع میں لوک سبھا نے منظور کیا تھا۔ان بلوں سے حکومت مقامی اداروں میں دیگر پسماندہ طبقات کو ریزرویشن فراہم کرنے اور مرکز کے زیر انتظام علاقے میں درج فہرست ذاتوں اور درج فہرست قبائل کی فہرستوں میں ترمیم کرنا چاہتی ہے۔قبائلی امور اور زراعت وکسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر نے جموں و کشمیر) شیڈول ٹرائب آرڈر ( آئینی ترمیمی بل، 2024 پیش کیا جس میںشیڈول ٹرائب آرڈر 1989 میں ترمیم کی گئی ہے ۔ اس مسودہ قانون کے ذریعہ پہاڑی نسلی گروپ کو جموں اور کشمیر میں درج فہرست قبائل کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔آئین ترمیمی بل 2024 کے ذریعے گڈا برہمن، کولی اور پڈاری قبیلہ کو بھی شیڈول ٹرائب کا درجہ دیا گیا ہے۔
جموں و کشمیر لوکل باڈیز آئینی( ترمیمی) بل، 2024، مرکزی وزیر مملکت برائے داخلہ نتیانند رائے کے ذریعہ پیش کیا گیا۔اس مسودہ قانون کے ذریعے مرکزی زیر انتظام علاقے میں مقامی بلدیاتی اداروں میں او بی سی کو ریزرویشن فراہم کرنے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔فی الحال، جموں و کشمیر میں پنچایتوں اور میونسپلٹیوں میں او بی سی کے لیے سیٹوں کے ریزرویشن کا کوئی انتظام نہیں ہے۔جموں و کشمیر) شیڈول کاسٹس آرڈر ( آئینی (ترمیمی)بل، 2024، سماجی انصاف اور بااختیار بنانے کے وزیر وریندر کمار کے ذریعہ پیش کیا گیا۔اس بل میں 1956 کے آئین(جموں و کشمیر) شیڈول کاسٹس آرڈر میں ترمیم کی گئی ہے، جس میں جموں و کشمیر اور لداخ میں درج فہرست ذاتوں کی مانی جانے والی ذاتوں کی فہرست دی گئی ہے۔ درج فہرست ذاتوں کی فہرست میں والمیکی برادری کو شامل کیا گیا ہے اسکے علاوہ چورا، بالمیکی، بھنگی اور مہتر برادریوںکو بھی شامل کرنے کے قانون کو منظوری دی گئی۔ ایوان بالا میں بیک وقت تینوں مجوزہ قانون سازیوں پر غور اور منظوری کے لیے بحث ہوئی۔اسکے بعد انہیں منظوری دی گئی۔