سرینگر//پولیس آفیسر، فورسزاہلکار اور چار عام شہریوں سمیت چھ افراد منگل کے روز اُس وقت زخمی ہوگئے جب مشتبہ جنگجوﺅں نے وسطی ضلع بڈگام کے پکھر پورہ علاقے میں ہتھ گولہ داغ کر فورسز کو نشانہ بنایا۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق جنگجوﺅں نے پکھرپورہ میںسی آر پی ایف اور پولیس کی ایک مشترکہ پارٹی پر گرینیڈ حملہ کیا۔
اس حملے میں پولیس کا ایک سب انسپکٹر غلام رسول عرف دلاور، سی آر پی ایف کے کانسٹیبل سنتوش کمار اور چار عام شہری آہنی ریزے لگنے سے زخمی ہوگئے جس کے بعد اُنہیں سب ضلع اسپتال پکھرپورہ پہنچایا گیا ۔
اسپتالی ذرائع نے چار میں سے دو زخمی شہریوں کی شناخت شفیق احمد نجار اور عرفان وانی کے طور کرتے ہوئے کہا کہ مزید دو شہری خواتین ہیں۔
مذکورہ ذرائع نے مزید کہا کہ چاروں زخمی شہریوں کو بہتر علاج و معالجہ کیلئے صدر اسپتال سرینگر منتقل کیا گیا ہے۔
دریں اثناءگرینیڈ حملہ کے فوراً بعد فورسز کی ایک بھاری جمعیت نے علاقے کو محاصرے میں لیکر تلاشی آپریشن شروع کیا۔