شوپیان// پکھرپورہ بڈگام میں جموں وکشمیر پولیس سے وابستہ ایک اہلکار رائفل سمیت فرار ہوگیا ہے۔طارق احمد بٹ بیلٹ نمبر 1151ولد محمد عبداللہ بٹ ساکن کھاسی پورہ رتنی پورہ شوپیان منگل کی شام اپنی ڈیوٹی کے دوران غائب ہوا ۔ پولیس کے مطابق”طارق احمد کا ڈیوٹی پر موجود نہ ہونے سے ایسا لگتا ہے کہ طارق AK-47رائفل اور 30راونڈکی ایک میگزین لے کر فرار ہوچکا ہے“۔ اس سلسلے میں ایس ایس پی بڈگام تجندر سنگھ کاکہنا ہے کہ مذکورہ پولیس اہلکارمنگل کی شام سے ہتھیاروں سمیت فرار ہوچکا ہے۔واقعہ سے متعلق تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ پولیس اہلکار نے ابھی تک گھر والوں سے کوئی رابطہ نہیں کیا ہے۔واضح رہے گزشتہ برسوں سے جموںوکشمیر پولیس سے وابستہ کئی اہلکاروں نے اپنی ڈیوٹیوں کے دوران ہی ہتھیاروں سمیت فرار اختیار کرتے ہوئے عسکریت پسندوں کی صفوں میں شمولیت اختیار کی ہے۔