بارہمولہ// پولیس نے کانلی باغ بارہمولہ کے فرنڈز کالونی سے تعلق رکھنے والے 78سالہ سبکدوش سرکاری ملازم غلام مصطفی وانی پر پبلک سیفٹی ایکٹ کا اطلاق عمل میں لایا ۔ اُن پر لوگوں کو اکسانے اور بھارت مخالف مظاہروں کو منظم کرنے کا الزام ہے اور اس کو زیر آرڈر نمبر ڈی ایم بی/ائے آر ائے/او ایس ائے/ 112بتاریخ 10/ 09/ 2016 زیردفعہ8پبلک سیفٹی ایکٹ نافذ کیا گیا ۔ مختلف امراض مثلاًدل کی بیماری، گردے، انتڑیوں، Prostate اورکمر کی بیماری میں مبتلا وانی اصل میں کوہستان کالونی صفا پورہ سونہ واری سے تعلق رکھتا ہے مگر اس کو کنبہ سمیت ہجرت کرنے پر اسوقت مجبور کیا گیا جب بدنامہ زمانہ اخوان نے اسکے گھروالوں کو نشانہ بنایا۔غلام مصطفی کے دو بیٹوں کو اخوانیوں نے اغواکیا کیونکہ اُنکا والد وانی جماعت اسلامی کے حمایتی ہیں۔ سال 1995میں مصطفی کو گھروالوں کے ہمراہ ہجرت کرنے پر مجبور کیا گیا اور وہ فرنڈز کالونی بارہمولہ منتقل ہوگئے۔ غلام مصطفیٰ اور اسکے کنبے پر اسوقت مصیبت کا پہاڑ ٹوٹ پڑا جب انکا چھوٹا بیٹا لطیف احمد وانی ،جو پیشے سے استاد تھا، وضو کرتے ہوئے جہلم میں ڈوب گیا۔ مذکورہ کنبے کو اسوقت ایک اور دھچکہ لگا جب انکی بیٹی نبلہ سال 2014میں بیماری کی وجہ سے لقمہ اجل بن گئی۔گھروالوں کے مطابق غلام مصطفیٰ وانی ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ٹرینگ سے سال 1996میں سبکدوش ہوگئے۔ اپنے محلہ کی مسجد کمیٹی کے صدر ہونے کے علاوہ وہ مقامی مسجد کے امام بھی رہے۔ بارہمولہ پولیس نے اپنے دستاویز زیر نمبر سی ایس/ پی ایس ائے/2016/ 6400-03بتاریخ 8/09/2016میں انہیں تحریک حریت کا سرگرم رکن قرار دیا ہے۔ پولیس کی طرف سے دئے گئے دستاویز میں کہا گیا ہے کہ حزب کمانڈر برہان وانیکی ہلاکت کے بعدوانی احتجاجی مظاہروں کو منظم کرنے کے علاوہ غیر قانونی کارروائی میں ملوث رہا جن میںبھارت مخالف تقاریرشامل ہیں تاکہ بارہمولہ میں امن و امان کی فضا کو خراب کیا جاسکے۔ پولیس سٹیشن بارہمولہ نے وانی کے خلاف دو کیس درج کئے ہیں۔جن میں 4اگست کو بھارت مخالف تقریر، نوجوانوں کو اکسانے تاکہ وہ ٹریفک کو بند کریں جس کے نتیجے میں بارہمولہ میں کئی فورسز اہلکار زخمی ہوئے جس کے خلاف پولیس اسٹیشن بارہمولہ میں ایف آئی آر نمبر 199/2016زیر دفعہ307,148,149,336,332,353اور آر پی سی کی دفعہ 13کے تحت کیس درج ہے۔ پولیس دستاویز کے مطابق غلام مصطفی پر ایک اور کیس14اگست کو درج کیا گیا۔ بے قابو بھیڑ کی قیادت کرنا، پاکستانی پرچم لہرانا اور بھارت مخالف نعرہ بازی کرنا ،پتھرائو کرنا اورآزاد گنج چوک بارہمولہ میں قائم چوکی پر حملہ کرنا ،جس میں کئی اہلکار زخمی ہوئے ہیں ، کے خلاف ایف آئی آر نمبر 22/2016زیر دفعہ153۔ائے, 120بی،336,148,149,353,332,اورآر پی سی کی دفعہ 307کے تحت کیس درج ہے۔