پرویز احمد
سرینگر //جموں وکشمیر میں ایک ہفتے میں 10ہزار 7سوسے زائد کلو (107 کوئنٹل)سے زائد بوسیدہ گوشت اور چکن تیار پکوان کی صورت میں فوڈ سیفٹی افسران نے ضبط کرکے ضائع کردیا ہے۔ پچھلے 24گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں بوسیدہ گوشت اور چکن کے مزید2800کلو گرام گوشت، مچھلیاں اور چکن ضبط کئے۔ ان میں00 11کلو گرام گوشت باغات سرینگر اور 2700کلو گرام جموں میں ضبط کیا گیا ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر فوڈ ہلال احمد میر نے کشمیر عظمیٰ کوبتایا’’اتوار کی صبح سے ہی انہوں نے بوسیدہ گوشت ضبط کرنے کی کاروائی شروع کی اور صبح 9بجے باغات سرینگر سے تیار پکوان کی صورت میں 1100کلوگوشت کرکے ضبط کر دیا اور کئی کارخانوں کو سیل کردیا گیا ۔سنیچر کی شام تک وادی میں 70000کلو سڑا ہوا گوشت اور پکے ہوئے وازوان کو ضائع کیا گیا ہے۔ادھرجمعرات کو رات دیر گئے جموں صوبے میں محکمہ فوڈ سیفٹی اور ناپ تول کے افسران نے بوسیدہ گوشت اور پکوان بیچنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2700کلوگرام بوسیدہ چکن ضبط کرکے ضائع کیا ۔ اس طرح جموں صوبے میں پچھلے ایک ہفتے کے دوران 3500بوسیدہ گوشت اور چکن کو ضائع کیا جاچکاہے۔ جموں میں محکمہ ناپ تول کے ڈپٹی ڈائریکٹر منوج پربھاکر نے نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرکاری ہدایات پر جموں صوبے میں گوشت اور چکن کے بازاروں میں معائنے کئے جارہے ہیں اور اس دوران سرکاری قوائد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے والے لوگوں کے خلاف کارروائی کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں میں 2700کلو گرام بوسیدہ مچھلیوں کو ضائع کیا گیا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے 3تاجروں کے خلاف سیکشن 56اور سیکشن 32کے تحت چالان پیش کیا گیا اور ان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کی گئی ہے۔ پچھلے 7دنوں کے دوران وادی کے مختلف علاقوں میں کاروائی کرتے ہوئے محکمہ فوڈ سیفٹی نے 7000کلو گرام بوسیدہ گوشت اور پکوان کو ضبط کیا اور 3فیکٹریوں کو سیل کردیا جبکہ دکانداروںکے خلاف 33ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا ہے جن میں کشمیر صوبے میں 2دکانداروں پر 15ہزار اور جموں میں ایک ریستوران کے خلاف 18ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ادھر ڈپٹی کمشنر کپواڑہ شری کانت سوسے کی ہدایات پر فوڈ سیفٹی ڈیپارٹمنٹ نے پورے ضلع میں وسیع پیمانے پر جانچ مہم چلائی ہے۔محکمہ کی طرف سے ایک الگ کارروائی میں 9 اگست کو ہندواڑہ میں دو قصابوں پر خراب گوشت فروخت کرنے پر 8000 کا جرمانہ عائد کیا گیا۔ اس کے علاوہ تقریبا ً50 کلو ناقص گوشت کو ضبط کر کے موقع پر تلف کر دیا گیا۔تمام ریستورانوں، ہوٹلوں اور دیگر فوڈ بزنس آپریٹرز سے کہا گیا ہے کہ وہ کوئی بھی منجمد چکن، گوشت، یا اس سے متعلقہ اشیا فروخت نہ کریں ۔غلط برانڈڈ، غیر معیاری یا غیر محفوظ کھانے کی فروخت پر 5 لاکھ تک جرمانے اور بعض صورتوں میں خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق 3 لاکھ تک کا جرمانہ ہو سکتا ہے۔