تھنہ منڈی //تھنہ منڈی کے علاقہ پٹیلی کی خواتین نے گزشتہ روز ایم ایل اے راجوری چوہدری قمر حسین کاراستہ روک کر پانی کی قلت پر احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ممبراسمبلی جب علاقے میں تعمیراتی کاموں کا سنگ بنیادرکھنے کے بعد واپس لوٹ رہے تھے توخواتین نے ان کاراستہ روک کراحتجاج کیا اور اس بات پر شدید برہمی کا اظہارکیاکہ پٹیلی میں پانی کی قلت کے مسئلے پر کوئی دھیان نہیں دیاجارہا ۔ خواتین نے بتایا کہ پٹیلی میں دہائیوں سے پینے کا پانی دستیاب نہیں اورانہیںکئی کلومیٹردور سے ننگے سرپانی لاناپڑرہاہے ۔ قمر حسین نے خواتین کو یقین دہانی کرائی کہ محکمہ پی ایچ ای لاپر واہی سے کام لے رہا ہے ، محکمہ کے پاس پٹیلی واٹر سپلائی اسکیم کے لئے فنڈس بھی موجودہیں لیکن اس کے باوجود محکمہ پانی فراہم کرنے کے لئے کام نہیں کررہا ۔ انہوں نے احتجاج میں شامل خواتین کو بتایا کہ جلد ہی علاقے میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے محکمہ کو سختی سے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ پانی فراہم کرنے کے لئے جلد اقدامات کئے جائیں۔