جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقہ پٹھانہ تیر کی عوام لگ بھگ ہر ایک بنیادی سہولیات سے جہاں محروم ہیں وہائیں عام لوگوں کو مرکزی حکومت کی جانب سے شروع کردہ فلاحی سکیموں کی جانکاری بھی نہیں فراہم کی جارہی ہے۔سماجی کارکن تنویر اقبال قریشی نے عوامی مشکلات کا جائزہ لینے کے دوران کہا کہ ’’یہ ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے کہ حکومت کی فلاحی اسکیمیں تاخیر کے بغیر آخری فرد تک پہنچائی جائیں۔ میں خود ان معاملات کی پیروی کروں گا‘‘۔ ان کے دورے کو گاؤں والوں نے پرجوش خیرمقدم کے ساتھ سراہا اور امید ظاہر کی کہ ان کے مسائل جلد حل ہوں گے۔پٹھانہ تیر کے باشندوں نے اس دوران متعدد بنیادی مسائل کو اجاگر کیا، جن میں بجلی کی غیر یقینی فراہمی، پانی کی قلت، سڑک رابطہ کا فقدان اور ناکافی طبی سہولیات شامل ہیں۔مقامی لوگوں نے حکومت کی اہم اسکیموں جیسے پردھان منتری آواس یوجنا (PMAY)، منریگا (MGNREGA)، سوچھ بھارت مشن (SBM)، اور جل جیون مشن (JJM) کے تحت رقوم کی فراہمی میں تاخیر پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔
تنویر قریشی نے عوام کو یقین دلایا کہ وہ ان تمام معاملات کو متعلقہ محکموں کے ساتھ اٹھائیں گے اور فوری کارروائی کے لئے دباؤ ڈالیں گے۔ انہوں نے کہا،کہ ’میں عوام کی آواز بن کر ان کے مسائل کو ایوانوں تک پہنچاؤں گا اور ان کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کروں گا‘‘۔