عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پٹن کے سنگھ پورہ علاقے میں ریت نکالنے کے دوران گزشتہ شب زخمی ہوا 17سالہ نوجوان زندگی کی جنگ ہار گیا جبکہ سرینگر جموں شاہراہ پر بارسو اونتی پورہ میں دو ٹرکوں کے مابین ٹکر سے دو افراد زخمی ہو گئے ۔سنگھ پورہ پٹن میں رات نکالنے کے دوران منگل کی شام زخمی ہونے والا 17 سالہ نوجوان بدھ کی صبح اسپتال میں زندگی کی جنگ ہار گیا ۔ نمائندے کے مطابق نوجوان کو منگل کی شام دیر گئے ریت نکالنے کے دوران سر میں شدید چوٹیں آئی تھے جس کے بعد اس کو علا ج کیلئے جے وی سی بمنہ سرینگر منتقل کیا گیا جہاں وہ بدھ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے دم توڑ بیٹھا ۔ انہوں نے بتایا کہ نوجوان کی شناخت 17سالہ امجد ساکنہ سنگھ پورہ پٹن کے بطور ہوئی ہے ۔ادھر سرینگر اننت ناگ شاہراہ پر بدھ کی صبح بارسو اونتی پورہ کے نزدیک دو ٹرکوں کے آپس میں ٹکرانے کے بعد ٹریفک کی نقل و حرکت کچھ دیر کیلئے سست پڑ گئی، جس سے دو افراد زخمی ہو گئے۔حادثہ اس وقت پیش آیا جب ایک تیز رفتار ٹرک شاہراہ پر سڑک عبور کرنے والے دوسرے ٹرک سے ٹکرا گیا۔ جس کے بعد دونوں گاڑیاں الٹ گئیں ۔ انہوں نے کہا کہ ٹرک میں سوار دو افراد زخمی ہوگئے جنہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔واقعے کے فوری بعد پولیس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور تباہ شدہ گاڑیوں کو ہٹاکر دونوں ٹرکوں کو سڑک سے ہٹانے کے بعد ٹریفک کی آمدورفت بحال کردی گئی۔