حیدرآباد//ملک بھر کے پٹرول پمپ ڈیلرس ،جو گزشتہ روز سے پٹرول کے نہ خریدنے کی دو روزہ ہڑتال پر ہیں ،نے کمیشن میں اضافہ کے اپنے مطالبہ پر دباو ڈالنے کے لئے 15نومبر سے مکمل ہڑتال شروع کرنے کا انتباہ دیا ہے ۔ ساتھ ہی پٹرول پمپس پر آج سے محدود اوقات میں ایندھن کی فروخت ہوگی اور یہ پٹرول پمپس اتوار یا کسی دیگر سرکاری تعطیلات میں کام نہیں کریں گے ۔ کنزوویشن اور انڈین پٹرولیم ڈیلرس( سی آئی پی ڈی ) نے یہ بات بتائی ۔ ڈیلرس کے جوائنٹ سکریٹری راجیوامارم نے کہا کہ اگر تیل کی کمپنیوں کی جانب سے ان کے مطالبات پر توجہ نہیں دی گئی تو ملک بھر کے 54000پٹرول پمپس 15نومبر کو ایک روزہ ہڑتال کریں گے ۔انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں ہی تقریباً 1400پٹرول اور ڈیزل کے ٹرکس گزشتہ روز اور آج نہیں چلائے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز اور آج پٹرولیم اشیاء کی خریدی روک دی گئی ہے ۔کل سے دفتری اوقات صبح9تا6بجے شام میں ہی پٹرول یا ڈیزل یا دیگر پراڈکٹس کی فروخت کی جائے گی۔ اتوار یا پھر دیگر سرکاری تعطیلات میں پٹرول کی فروخت نہیں ہوگی ۔ اگر حکومت ان کے مطالبات کو نہیں مانے گی تو 15نومبر سے ہڑتال کی جائے گی۔