محمد تسکین
بانہال// معروف ادبی اور ثقافتی انجمن پُوگلی بزمِ ادب، کی جانب سے ہائی سکول رامسو میں ایک روزہ شاندار ثقافتی پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر رام بن محمد الیاس خان اور ایس ایس پی رام بن ارون گپتا نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ بھاری تعداد میں زندگی کے مختلف شعبوں سے وابستہ لوگوں اور علم و ادب اور شاعری سے دلچسپی رکھنے والے افراد نے شرکت کی ۔ چیئرمین پوگلی بزم ادب عبدالطیف بلُبل اور بزم کے صدر گل زبیر ڈینگ اور انجمن کے دیگر عہدیداروں اور ممبران نے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا ۔ضلع رام بن سمیت یوٹی کے دیگر علاقوں میں پوگلی ادب ، ثقافت اور زبان کی ترقی اور فروغ کیلئے کام کرنے والی انجمن پوگلی بزم ادب کی اس تقریب میں روایتی رقص، موسیقی اور شاعری سمیت مختلف ثقافتی اور رنگارنگ پروگرام پیش کئے گئے جنہوں نے مقامی ورثے کی خوبصورت جھلک پیش کی۔ ضلع کے مختلف سکولوں کے طلبہ و طالبات اور دیگر اُبھرتے فنکاروں نے شاندار طریقے سے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین کو محظوظ کیا۔ اس پروگرام میں بچوں کی طرف سے نشہ مکت مہم کے تحت کئی پروگرام پیش کئے اور سماج اور نوجوانوں کو نشہ کے مہلک مرض سے دور رہنے اور اس کے جان لیوا اثرات کو بخوبی پیش کیا۔اس موقع پر پُوگلی بزمِ ادب کے صدر گُل زبیر ڈینگ نے ضلع و سب ضلع انتظامیہ، سول سوسائٹی، منتظمین اور تمام شرکاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا اور پروگرام کو کامیاب بنانے پر ان کی کاوشوں کو سراہا ہے۔ ڈپٹی کمشنر محمد الیاس خان نے پوگلی بزم ادب کی ثقافتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے کوششوں کی تعریف کی اور مقامی ثقافت و روایات کے تحفظ پر زور دیا۔ انہوں نے مستقبل میں بھی ایسے پروگراموں کے لیے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ایس ایس پی ارون گپتا نے اپنے خطاب میں کہا کہ ثقافتی سرگرمیاں سماجی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں اور ہمیں انہیں اسی جوش و جذبے کے ساتھ جاری رکھنا چاہئے ۔ تقریب کا اختتام شکریہ کی پیشکش پر ہوا، جس کے بعد معزز مہمانوں کو یادگاری تحائف پیش کیے گئے۔پوگل زبان کی ترقی اور ترویج میں اپنا کردار ادا کرنے والے ادیبوں ، فنکاروں ، رضاکاروں، سماجی کارکنوں ، صحافیوں اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے افراد کو معزز مہمانوں کے ہاتھوں بزم کی طرف سے انعامات ، اسناد اور اعزازات سے نوازا گیا اور ان کے کام کو سراہا گیا ۔