سرینگر/حکام نے جمعہ کو پرانے سرینگر کے بعض علاقوں میں پابندیاں کرتے ہوئے عوام کی نقل و حرکت پر قدغن لگائی ہے۔ یہ اقدام سینٹرل جیل سرینگر کے اندر قیدیوں کے مظاہروں کے بعد اُٹھایا گیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق نوہٹہ سمیت پرانے شہر کے کچھ علاقوں میں فورسز کی اضافی تعیناتی عمل میں لاکر لوگوں کو اُن کے گھروں تک محدود رکھا گیا ہے۔
فورسز نے پرانے شہر کے علاقوں میں جگہ جگہ خار دار تار لگاکر راستوں کو بند کردیا ہے۔
حکام نے حریت کانفرنس (ع) کے چیئر مین میرواعظ عمر فاروق کو خانہ نظر بند کیا ہے جو ہر جمعہ کو تاریخی جامع مسجد سرینگر میں خطبہ دیتے ہیں۔
واضح رہے کہ سینٹرل جیل سرینگر میں کم سے کم دو قیدی مظاہروں کے دوران زخمی ہوگئے۔
یہ مظاہرے گذشتہ شب دیر گئے بھڑک اُٹھے جن کے دوران جیل کی تین عمارتوں کو نقصان پہنچا۔
یہ مظاہرے قیدیوں اور جیل عملے کے درمیان جھگڑے کے بعد بھڑک اُٹھے جن پر قابو پانے کیلئے پولیس اور سیول حکام جائے واردات پر پہنچ گئے۔