محمد تسکین
بانہال// ضلع رام بن کی تحصیل پوگل پرستان کی پنچائت بنگارا کے گورنیال علاقے میں پیر کی رات آگ کی ایک واردات میں ایک رہائشی مکان کو شدید نقصان پہنچا اور اس واقع میں پانچ بھیڑیں بھی ہلاک ہوگئیں ۔ آگ کی واردات پیر کی رات قریب نو بجے رونما ہوئی اور گھر میں موجود ساز و سامان کو شدید نقصان پہنچا ہے اور دو کمرے تباہ ہوگئے ۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ یہ مکان شکیل احمد ولد محمد حسین ساکنہ گورنیال بنگاراہ تحصیل پوگل پرستان کا تھا اور اس کے دو کمرے مکمل طور سے راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہوئے ہیں تاہم افراد خانہ اس واردات میں بغیر کسی نقصان کے بچ نکلے ہیں۔ مقامی لوگوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ یہ واردات رات کے اوقات میں پیش آئی اور مقامی لوگوں نے بچاؤ کاروائیاں انجام دیں۔ انہوں نے کہا کہ آگ اور دھوئیں کی وجہ سے اس کچے مکان کے ایک کمرے میں موجود پانچ بھیڑیں ہلاک ہوگئی ہیں تاہم افراد خانہ جان بچا کر گھر سے باہر نکلنے میں کامیاب ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ آگ کی وجہ سے بھیڑ بکریوں کے کمرے کی چھت دھنس گئی ہے ۔