پلوامہ//پوچھل پلوامہ میںاتوار کو ایک المناک حادثہ میں ایک ہی گھر کے دو کمسن بچوں کو چلتی ریل نے کچل دیا۔واقعہ کے بعد علاقے میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے اور ٹرین سروس بند کردی گئی۔سہ پہر قریب ساڑھے چار بجے پوچھل میں دو چچیرے بھائی8 سالہ منتظر احمد ولد نصیر احمد شاہ اور 9سالہ فیضان احمد ولد راج محمد شاہ اپنے گھر والوں کے ساتھ پوچھل اونتی پورہ میں ریلوے ٹریک کے نزدیک کھیتوں میں موجود تھے۔ان کے گھر والے کوئلہ تیار کررہے تھے جبکہ بچے کھیلتے کھیلتے ریل کی پٹری پر چڑھ گئے ۔ دونوں بچے اس قدر کھیلنے میں محو تھے کہ ریل نزدیک پہنچنے کی بھی انہیں خبر نہیں ہوئی اوردونوں کوتیز رفتار ریل نے کچل دیا۔ بچوں کو آنکھوں کے سامنے ریل کی زد میں دیکھ کر گھر والوں نے چیخ وپکار کی جسکے ساتھ ہی یہاں لوگ پہنچ گئے۔ لوگوں نے خون میں لت پت ان دونوں بچوں کو ضلع اسپتال پہنچایا لیکن یہاں ڈاکٹروں نے انہیں مردہ قرار دیا۔اس واقعہ کے نتیجے میں پورے گائوں اور علاقے میں صف ماتم بچھ گیا اور بچوں کے والدین اور رشتہ دار غم سے نڈھال ہوکر پاگل ہوگئے۔ ٹرین حادثے میں دو کمسن بچوں کے جاں بحق ہونے کی خبر پھیلنے کے ساتھ ہی کئی دیہات میں احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بعد ایک مقامات پر احتجاجیوں نے ریل پٹریوں پر آکر دھرنا دیا۔ احتجاجی مظاہروں کے پیش نظر بڈگام اور بانہال کے درمیان ریل خدمات کو معطل کردیا گیا ۔