حسین محتشم
پونچھ//ضلع ہسپتال پونچھ کو جانے والی سڑک مختلف مقامات پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جس کی وجہ سے، مریضوں اور بچوں کو ہسپتال جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ راہگیروں کا کہنا ہے کہ سڑک پر جگہ جگہ پڑے گڈھوں پر گاڑیاں ہچکولے کھاتی جاتی ہیں۔ علاقہ مکینوں نے شکوہ کیا ہے کہ اس اہم سڑک کے کناروں پر نکاس آب کی نالیاں بھی خستہ حالی کا شکار ہیں۔سیاسی و سماجی شخصیت مولانا حکیم الدین نے بتایا کہ انتظامیہ شاید سڑک کی مزید خستہ ہونے کا انتظار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا ناخواں والی سڑک پر بہت زیادہ ٹریفک ہونے کی وجہ سے اس سڑک پر آئے دن حادثات ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا اسی سڑک سے لوگ ضلع ہسپتال، ضلع عدالت اور پونچھ کے صدر بازار کی جانب جاتے ہیں۔ انہوں نے اس سڑک پر یکطرفہ ٹریفک چلانے کا اور نکاس آب درست کرنے کے ساتھ ساتھ جہاں جہاں سڑک پر گڈھے پڑے ہیں ان کو درست کرنے کا مطالبہ کیا۔