حسین محتشم
پونچھ//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے گاؤں فتح پور میں ایک دلخراش سڑک حادثے میں ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔ذرائع کے مطابق ایک ٹریکٹر بریک فیل ہونے سے بے قابو ہو کر گہری کھائی میں جا گرا، جس کے نتیجے میں ڈرائیور شدید زخمی ہو گیا۔حادثے کی اطلاع ملتے ہی مقامی لوگ جائے حادثہ پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کا آغاز کیا۔اس دوران وہاں موجود این سی کے سینئر لیڈر شہزاد خان نے زخمی ڈرائیور کو اپنی گاڑی میں ڈال کر فوری طبی امداد کے لئے چنڈک ہیلتھ سینٹر پہنچایا۔ ابتدائی طبی امداد کے بعد، ڈرائیور کو بہتر علاج کے لئے ضلع ہسپتال پونچھ منتقل کر دیا گیا۔ضلع ہسپتال پونچھ میں زخمی ڈرائیور کا علاج جاری ہے اور ڈاکٹروں کے مطابق اس کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔اس موقع پر شہزاد خان نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے حادثات کے وقت ویڈیو بنانے کے بجائے زخمیوں کی مدد کرنے کو ترجیح دیں۔ انہوں نے کہا کہ قیمتی انسانی جانوں کو بچانا سب سے اہم ہے اور ہمیں بحیثیت قوم ایک دوسرے کی مدد کرنی چاہیے۔اسکے علاوہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر پونچھ وکاس کنڈل کے زیر نگراں تمام انتظامیہ کے افسران بالخصوص محکمہ صحت کے تمام ڈاکٹروں و دیگر عملہ کو بھی انکی بروقت بہتر خدمات فراہم کرنے پر مبارکباد پیش کی۔