عشرت حسین بٹ
منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے علاقہ فتح پور سے تعلق رکھنے والے محمد حسین نامی شخص نے اپنے ہاتھوں سے پندرہ ماہ کے اندر قرآن پاک کے ابھی تک اٹھائیس پارے تحریر کئے ہیں جنہیں معاشرے میں کافی زیادہ پزیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ بتا دیں کہ پندرہ ماہ قبل محمد حسین ولد محمد علی سکنہ فتح پور منڈی نامی ساٹھ سالہ شخص نے قلمی قرآن پاک لکھنا شروع کیا تھا اور ابھی تک انہوں نے قرآن پاک کے اٹھایس پارے تحریر کئے ہیں۔ کشمیر عظمیٰ کے ساتھ ایک خصوصی گفتگومیں موصوف نے کہا کہ انہیں بچپن سے ہی شوق تھا کہ وہ اس طرح کا کارنامہ انجام دیں اور وہ اب اس معاملے میں کامیابی کی طرف گامزن ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے تعلیم محض آٹھویں جماعت تک حاصل کی ہے اور وہ گھر میں صرف بکریاں چرانے کا کام کرتے ہیں۔ محمد حسین کا کہنا تھا کہ قرآن پاک کو قلمی لکھنا ان کا ایک خواب تھا جسے وہ آئندہ دو ماہ کے اندر پوار کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پندرہ ماہ قبل انہوں نے یہ سفر شروع کیا تھا اور ابھی تک انہوں نے قرآن پاک کے اٹھائیس پارے لکھ کر مکمل کر دئے ہیں اور آنے والے دو ماہ کے اندر وہ مزید دو پارے لکھ کر مکمل کریں گے۔