سمت بھارگو
راجوری//پونچھ کے نواحی علاقہ کھنیترسے تعلق رکھنے والے باصلاحیت قبائلی نوجوان فیصل جاوید کسانہ نے اپنی علمی صلاحیتوں کا لوہا منواتے ہوئے انڈین انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (IIT) جموں میں انگریزی ادب میں پی ایچ ڈی کے لئے داخلہ حاصل کیا ہے۔ یہ کامیابی نہ صرف ان کے خاندان بلکہ پورے خطہ کے لئے باعثِ فخر ہے۔آئی آئی ٹی جموں کے ڈائریکٹر کی جانب سے جاری کردہ آفر لیٹر کے مطابق فیصل کسانہ سیشن 2025-26 سے ’فْل ٹائم انسٹیٹیوٹ اسکالر‘ کی حیثیت سے اپنی تحقیق کا آغاز کریں گے۔فیصل ایک متوسط اور علمی گھرانے سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے والد مرحوم جاوید اقبال کسانہ محکمہ تعلیم میں زونل ایجوکیشن آفیسر کے طور پر خدمات انجام دے چکے ہیں۔فیصل نے اپنی ابتدائی تعلیم جواہر نوودیہ ودیالیہ (JNV) سرنکوٹ سے حاصل کی، جبکہ ایم اے انگریزی ادب میں امتیازی نمبروں کے ساتھ مولانا آزاد میموریل (MAM) کالج، کلسٹر یونیورسٹی جموں سے انٹیگریٹڈ ماسٹرز مکمل کیا۔تحقیقی میدان میں بھی فیصل کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔ ان کے متعدد تحقیقی مقالے شائع ہو چکے ہیں، اور وہ ایک ابھرتے ہوئے انگریزی شاعر کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ان کی شاعری کو ماہرین کی جانب سے سراہا گیا ہے۔قابل ذکر بات یہ ہے کہ فیصل نے آئی آئی ٹی جموں اور جموں و کشمیر محکمہ قبائلی امور کے ایک مشترکہ تحقیقی پروجیکٹ پر کام کیا، جس میں قبائلی ادب کا انگریزی ترجمہ شامل تھا۔فیصل کی یہ کامیابی قبائلی نوجوانوں کے لئے ایک مشعلِ راہ ہے، جو یہ ثابت کرتی ہے کہ محنت، لگن اور عزم کے ساتھ کسی بھی خواب کو حقیقت میں بدلا جا سکتا ہے۔