عظمیٰ نیوز سروس
پونچھ//قومی تعلیمی پالیسی 2020 کے تحت، ضلع پونچھ کے تمام پرائمری اور مڈل اسکولوں میں پہلی جماعت کے طلبا کے لئے تین ماہ کے کھیلوں پر مبنی ابتدائی تیاریاتی پروگرام ’’ودیا پرویش‘‘ کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا۔یہ اقدام ایس سی ای آر ٹی جموں کی ہدایت پر، ڈائٹ کے پرنسپل پرکاش لال تھاپا اور چیف ایجوکیشن آفیسر (سی ای او) افتخار علی شاہ کاظمی کی رہنمائی میں عمل میں لایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد طلبا کی ابتدائی تعلیم میں موجود خلاء کو پْر کرنا اور بنیادی خواندگی و عددی مہارت کو فروغ دینا ہے۔پروگرام کے مؤثر اور یکساں نفاذ کو یقینی بنانے کیلئے سی ای او آفس اور ڈائٹ پونچھ کی جانب سے دو اہم آن لائن سیشنز کا انعقاد کیا گیا۔پہلا سیشن ضلع سطح کی آن لائن پینل ڈسکشن تھی، جس کا اہتمام ڈسٹرکٹ ریسورس گروپ (DRG) نے کیا، اور اس میں 500 سے زائد اسکول نوڈل آفیسرز (SNOs) نے شرکت کی۔دوسرا سیشن اسکول سربراہان اور زونل ایجوکیشن آفیسرزکے ساتھ منعقد ہوا، جس میں پرنسپل ڈائٹ پرکاش لال تھاپا نے ادارہ جاتی سطح پر تیاری اور پروگرام کی مؤثر نگرانی پر زور دیا۔پروگرام کے آغاز کے ساتھ ہی، سپنا شرما، اسکول نوڈل آفیسر، مڈل اسکول دھنت نے اپنے اسکول میں ’’ودیا پرویش‘‘ لانچ کرتے ہوئے کہاکہ ’یہ ماڈیول قابل عمل اور منظم ہے، جو ابتدائی جماعتوں کے طلبہ کی تعلیمی کمی کو مؤثر طریقے سے دور کرے گا‘‘۔آن لائن سیشنز میں ماہرین تعلیم اور ڈسٹرکٹ و اسٹیٹ ریسورس گروپس کے ارکان جیسے انور خان (پرنسپل ایچ ایس ایس منڈی)، اجے مائنی طارق چغتائی، ہریش شرما اور درشن کمار نے اہم کردار ادا کیا۔سی ای او پونچھ افتخار علی شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے تمام اسکول سربراہان اور ایس این ائو سے اپیل کی کہ وہ اس ماڈیول کو پوری سنجیدگی اور جذبے کے ساتھ نافذ کریں تاکہ بچوں کی تعلیمی بنیاد مضبوط بنائی جا سکے۔