حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گائوں گلپور کی وارڈ نمبر سات میں عوام سڑک کی خستہ حالی کی وجہ سے ازحد پریشان ہیں۔مقامی شہریوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کیا گیا ہے کہ ان کی طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔ اس دوران مقامی لوگوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وارڈ نمبر سات گلپور کی سڑک عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہے اس طرف کوئی توجہ نہیں دی جا رہی ہے۔گلپور کے ایک مقامی باشندہ سرفراز احمد نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ نریندر مودی نے اب تیسری بار حکومت سنبھالی ہے۔وہ ترقی کی باتیں کرتے ہیں مگر ہمارے علاقے میں سڑک کی خستہ حالت ہے۔انہوں نے کہاسڑک کی اتنی حالت خراب ہے کہ لوگوں کا اس پر چلنا مشکل ہے۔ یہ ہمارے لئے تکلیف کا باعث بن چکی ہے۔ کسی بھی سیاسی پارٹی یا لیڈر نے اس سڑک کے منصوبے پر کسی طرح کی کوئی پیش رفت کروانے میں کچھ نہ کیا۔ایک اورمقامی باشندے محمد شریف نے بتایا کہ ہمیں نہ تو پونچھ سے اور نہ کہیں سے کوئی گاڑی اس علاقے میں آتی ہے۔خستہ حال سڑک کی وجہ سے کوئی بھی ڈرائیور اس علاقے میں آنا نہیں چاہتے ہیں۔مریضوں کو ہسپتال تک پہنچانے میں بھی بڑی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔اس گاؤں کے مستری محمد مقبول نے بتایا کہ ہم نے تمام متعلقہ محکموں کے دروازے کھٹکھٹائے مگر کسی نے ہماری ایک نہ سنی، اب ہم پھر سے ایل جی انتظامیہ، ڈی سی پونچھ، آر اینڈ بی پونچھ، چیف انجینئر آر اینڈ بی جموں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سڑک پر کام شروع کریں تاکہ ہم اس مصیبت سے نجات حاصل کر سکیں۔انہوں نے بتایا کہ پچھلے 15 سال سے نہ تو اس سڑک کی مرمت کی گئی ہے نہ ہی اس کا نکاس سے اپ درست کیا گیا ہے نہ ہی تارکول بچھائی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے بچوں کو سکول جانے میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔سنہوں نے کہا بار بار متعلقہ محکمہ سے اپیل کے باوجود بھی کام دوبارہ شروع نہیں کیا گیا۔انہوں نے انتباہ دیا اگر سڑک کی مرمتی کام شروع نہ کیا گیا تو وہ لوگ سڑک پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہو جائیں گے۔