حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے سرحدی گاؤں گلپور میں انجمن جعفریہ گلپور کے اہتمام سے سالانہ مجلس حسینی کا انعقاد کیا گیا۔ مجلس حسینی میں سینکڑوں عقیدت مندوں نے شرکت کی۔ اس موقع پرمولانا سید مہدی زیدی اورمولانا حسن اختر شوکتی نے شہادت عظمیٰ کے مقاصد اور معرکہ کربلا کے مختلف گوشوں کی وضاحت کی۔انہوں نے کہا کہ شہداے کربلا نے اسلام اور انسانیت کی سربلندی کے لئے عظیم قربانیاں پیش کرکے عزم و استقامت کی ایک تاریخ رقم کی ان برگزیدہ شخصیات نے انسانیت سوز مظالم برداشت کئے لیکن ظلم اور باطل کے ساتھ کوئی ہم کاری نہیں کی۔انہوں نے کہا نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین نے اپنے مقدس لہو سے اسلام اور شریعت اسلامی کی حفاظت کا ایک لایحہ عمل مرتب کیا۔انہوں نے کہا کہ شہدائے کربلا کی یاد میں مجالس عزا کربلا کے پیغام کو زندہ رکھنے اور دنیا تک پہنچانے کا ایک موثر ذریعہ ہے اور شہیدان کربلا کو خراج عقیدت اور ان سے وابستگی کا سب سے بہترین مظاہرہ یہ ہے کہ ہم دین و شریعت کی پاس داری کریں اور ہر حال میں حدود الٰہی کا پاس و لحاظ رکھیں۔ انجمن جعفر گلپور کے صدر ماسٹرسیدخورشید حسین شاہ نے عزادار رہے امام حسین علیہ السلام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے بڑی تعداد میں مجلس عزا میں شرکت فرما کر اس کی رونق کو دوبارہ فرمایا۔مجلس عزا کے اختتام پر عالم انسانیت کے لئے خصوصی دعائیں کی گئی۔