اشرف چراغ
کپوارہ //جموں و کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے قریب جمعہ کو سیکورٹی فورسز کے ساتھ تصادم آرائی میں5 غیر ملکی ملی ٹینٹ مارے گئے۔کپوارہ میں یہ پچھلے 72گھنٹوں کے دوران دوسری اندازی کی کوشش ہے ،جسے ناکام بنایا گیا ہے۔ اس سے قبل 13جون کو علی الصبح ڈبہ نار مژھل سیکٹر میں دراندازی کی کوشش کے دوران شدید تصادم آرائی میں 2ملی ٹینٹ ہلاک ہوئے جن کے بارے میں بتایا گیا کہ وہ غیر ملکی تھے۔مژھل سیکٹر میں ہوئی دراندازی کپوارہ کے مشرق میں کی گئی۔اب تازہ دراندازی کی کوشش کیرن سیکٹر کے جمہ گنڈ علاقے میں ہوئی ہے جو کپوارہ کے مغربی علاقے میں حد متارکہ کے قریب پڑتا ہے۔اس جھڑپ کے بارے میںڈی جی پی کشمیر وجے کمار نے بتایا کہ مخصوص اطلاع پر فوج اور پولیس کی مشترکہ پارٹیوں نے جمعرات کی شام سرحدی ضلع کپواڑہ میں لائن آف کنٹرول کے جمہ گنڈ علاقے میں ایک آپریشن شروع کیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران آدھی رات کو دہشت گردوں اور فوجیوں کے درمیان تصادم شروع ہوا۔انہوں نے کہا کہ فائرنگ کے تبادلے میں پانچ غیر ملکی مارے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں آپریشن جاری ہے،فوج فضائی نگرانی کے لیے ہیلی کاپٹروں اور ڈرونز کا بھی استعمال کر رہی ہے۔
پریس کانفرنس
۔5 ملی ٹینٹوں کی ہلاکت کو بڑی کامیابی سے تعبیر کرتے ہوئے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل گریش کالیا نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ وگولہ بارود اور قابل اعتراض مواد برآمد کرکے ضبط کیا گیا ہے۔ ایک پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل گریش کالیا نے کہاکہ ہندوپاک افواج کے درمیان سیز فائر معاہدہ طے پانے کے باوجودبھی اُس پار سے ملی ٹینٹوں کو ادھر بھیجنے کا سلسلہ جاری ہے۔انہوں نے کہاکہ ہمیں مسلسل انٹیلی جنس اطلاعات موصول ہو رہی ہیں کہ سرحدوں پر ممکنہ دراندازی کا امکان ہے۔ سینئر آفیسر نے کہاکہ 15جون کو پولیس کی جانب سے مصدقہ اطلاع موصول ہوئی کہ جمہ گنڈ کیرن سیکٹر میں ممکنہ دراندازی کا امکان ہے۔ اطلاع ملتے ہی کیرن سیکٹر میں متعدد مقامات پر سیکورٹی فورس کی تعیناتی عمل میں لائی گئی۔انہوں نے بتایا کہ 15اور 16جون کی درمیانی شب سیکورٹی فورسز نے ملی ٹینٹوں کے ایک گروپ کو اس طرف آتے ہوئے دیکھا، چنانچہ سلامتی عملے نے جنگجووں کو للکارا جس دوران شدید گولیوں کا تبادلہ شروع ہوا۔ان کے مطابق رات بھر سیکورٹی فورسز اور ملی ٹینٹوں کے مابین گولیوں کا تبادلہ جاری رہا اور جمعہ کی صبح تصادم کی جگہ پانچ عدم شناخت ملی ٹینٹوں کی لاشیں برآمد کی گئیں۔انہوں نے کہاکہ مہلوک ملی ٹینٹوں کے قبضے سے پانچ رائفلیں، پندرہ میگزین اور دوسرا قابل اعتراض مواد اور گولہ بارود برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ مہلوک ملی ٹینٹ تربیت یافتہ تھے اور ان کے قبضے سے جدید اسلحہ وگولہ بارود برآمد کیا گیا۔ تصادم کے دوران فورسز کو کوئی نقصان نہیں ہوا۔انہوں نے بتایا کہ علاقے میں تلاشی آپریشن ہنوز جاری ہے۔