جاوید اقبال
مینڈھر //فوج کے دستوں نے ہفتے کی شام تحصیل بالا کوٹ کے بھمبر گلی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کے نزدیک کچھ مشتبہ نقل و حرکت اور 2مشتبہ دھماکوں کے بعد فائرنگ کی ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ بی جی سیکٹر میں بالاکوٹ کے ڈیری ڈبسی علاقے میں لائن آف کنٹرول سے منسلک علاقہ میں کچھ مشتبہ نقل و حرکت ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ’’ مشکوک حرکت ہوئی اور بارودی سرنگ کے دو مشتبہ دھماکے بھی ہوئے ہیں‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ ایل او سی پر تعینات بھارتی فوج کے دستوں نے بھی مشکوک نقل و حرکت کے بعد قیاس آرائی سے فائرنگ کی ۔ذرائع نے مزید کہا کہ ’’ایل او سی پر پورے علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا ہے اور تلاشی جاری ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا کہ بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کر دیا گیا ہے اور دراندازی کی کوشش سے منسلک مشکوک نقل و حرکت کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا۔