حسین محتشم
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے شہر خاص میں وارڈ نمبر 17 محلہ آزاد میں رابطہ سڑک کی خستہ حالت ہے۔ وہاں نکاس بھی درست نہیں ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک مقامی باشندہ نے بات کرتے ہوئے بتایا کہ’’ یہ ہماری بدقسمتی ہے کہ انتظامیہ ترقی کی باتیں کرتے ہیں مگر ہمارے محلہ آزاد میں سڑک کی خستہ حالت ہے۔انہوں نے کہا سڑک کی اتنی حالت خراب ہے کہ لوگوں کا اس پر چلنا مشکل ہے۔انہوں نے کہا یہ ہمارے لئے تکلیف کا باعث بن چکی ہے۔انہوں نے کہا لوگ بھی تعمیرات کے لئے جو ریت بجری اور دیگر سامان لاتے ہیں وہ سڑک پر ہی ڈیمپ کر دیتے ہیں اس وجہ سے بھی عوام پریشان ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا ستم در ستم نکاس آب بھی درست نہیں ہے اس وجہ سے بھی انہیں کئی طرح کی مشکلات سے دوچار ہونا پڑتا ہے۔ اس محلہ کے ایک بزرگ شخص نے بتایا کہ ہم نے متعلقہ محکموں کے دروازے کھٹکھٹائے مگر کسی نے ہماری ایک نہ سنی، اب ہم پھر سے ڈی سی پونچھ، اے ای میونسپل کونسل سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس سڑک کا کام شروع کریں تاکہ ہم اس مصیبت سے نجات حاصل کرسکیں۔آزاد محلہ کے لوگوں نے بتایا کہ سڑک کی وجہ سے تقریبا 50 کنبہ جات کے سینکڑوں افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے کہا رمضان کا مہینہ ہے محلہ کی مسجد شریف میں نماز ادا کرنے والے سینکڑوں لوگوں کو نکاس آب اور سڑک کی خستہ حالی سے آنے جانے میں کئی طرح کی مشکلات کا سامنا کرنا پٹتا ہے۔