محتشم احتشام
پونچھ//پونچھ کی باصلاحیت طالبہ سیدہ حفصہ نے نئی دہلی کی معروف جامعہ جواہر لعل نہرو یونیورسٹی (جے این یو) میں منعقدہ اسکول آف انٹرنیشنل اسٹڈیز کونسلر الیکشن میں شاندار کامیابی حاصل کر کے پورے خطہ پیر پنچال اور ضلع پونچھ کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔سیدہ حفصہ نے اپنے حلف برداری کے موقع پر پہاڑی زبان میں حلف اٹھا کر ایک تاریخی مثال قائم کی، جس سے نہ صرف ان کی علمی و قیادتی صلاحیتوں کا مظاہرہ ہوا بلکہ خطہ پیر پنچال کی ثقافت، زبان اور شناخت کو قومی سطح پر نمایاں کرنے کا موقع بھی ملا۔ ان کا یہ قدم پورے خطے کے نوجوانوں کے لئے عزت، خود اعتمادی اور ثقافتی وقار کی علامت بن گیا ہے۔جامعہ جے این یو کے طلبہ حلقوں میں بھی سیدہ حفصہ کے اس اقدام کو بے حد سراہا جا رہا ہے۔ طلبہ اور اساتذہ کا کہنا ہے کہ پہاڑی زبان میں حلف لینا ایک مضبوط پیغام ہے کہ بھارت کی جامعات میں لسانی و ثقافتی تنوع کو عزت اور قبولیت حاصل ہے۔سیدہ حفصہ کی اس کامیابی نے نہ صرف تعلیمی میدان میں ان کے مقام کو مستحکم کیا بلکہ پونچھ کے نوجوانوں کے لئے امید اور رہنمائی کی نئی راہیں بھی کھول دی ہیں۔ ان کے اہل خانہ، اساتذہ، اور مقامی سماجی تنظیموں نے اس کامیابی کو پورے پیر پنچال کے لیے ایک ‘‘باعزت اور تاریخی لمحہ’’ قرار دیا ہے۔عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیدہ حفصہ نے جس فخر کے ساتھ اپنی علاقائی زبان اور ثقافت کو جے این یو کے فورم پر پیش کیا، وہ آنے والی نسلوں کے لئے ترغیب اور خودشناسی کا بہترین پیغام ہے۔